خود کو شیخ مجیب سمجھنے والے پاکستان کو توڑ نہیں سکتے، بیرسٹر دانیال چوہدری

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ جو آج پاکستان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے وہ پہلے کبھی نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آٸی عمران خان اب پاکستان سے دشمنی کررہے ہیں، یہ جو آج پاکستان کے خلاف کررہے ہیں وہ بھارت بھی نہیں کرسکا۔

مسلم لیگ ن کے ترجمان قانونی امور بیرسٹر دانیال چوہدری نے بیرسٹر عقیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ بدترین سیاسی زیادتیاں ہوتی رہی ہیں، لیکن نواز شریف نے تمام تر مخالفت کے باوجود بانی پی ٹی آٸی کو گلے لگایا۔ یہ اپنی افواج، سپہ سالار کے خلاف اور آٸی ایم ایف کی بلڈنگ کے باہر احتجاج کرواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بتاٸیں کہ شیخ مجیب الرحمان کو اسلحہ کس نے دیا تھا۔ کبھی مجیب الرحمن کا کبھی کسی اور کا نام لیکر عوام کو اشتعال پر اکسا رہے ہیں۔ پاکستان کو آج افواج پاکستان نے ہی جوڑ کر رکھا ہے۔

’بانی پی ٹی آٸی عمران خان شہدا کی بلڈنگز کو آگ لگواتے ہیں، اس سوچ کو کیسے ساتھ چلایا جاسکتا ہے کہ اگر میں نہیں توملک کو آگ لگا دو‘۔

بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ افواج پاکستان کی کردار کشی کی مضموم کوششیں کی گٸیں، افواج پاکستان کیخلاف نان اسٹیٹ ایکٹرز نے سوشل میڈیا پر منظم مہم چلواٸی، بیرونی فنڈنگ کے ذریعے پاکستان کے خلاف مہم چلاٸی جارہی ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ سی پیک نا بنے، پاکستان دوبارہ ایشین ٹاٸیگر نا بنے۔

’انکو تکلیف یہ ہے کہ روٹی سستی کیوں ہو رہی ہے، حکومت، افواج اور تمام اسٹیک ہولڈرز ملک کو بہتری کی طرف لیکر جارہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کو کبھی ساٸفر کبھی پینتیس پنکچر کا سہارا لیکر غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی گٸیں، آج ملک میں 2 وزیراعظم ہیں، ایک وزیراعظم ملک کو معاشی بحالی اور ترقی کی طرف لیکر جا رہا ہے اور دوسرا وزیراعظم سوشل میڈیا پر بنا بیٹھا ہے۔

بیرسٹر عقیل چودھری نے کہا کہ ان کو شرم آنی چاہیے، یہ لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے ملک توڑنے کی تحریک کا آغاز کر چکے ہیں، ایک گواہ کیسے اپنا بیان ریکارڈ کروائے گا جب ایک جماعت کے لوگ عدالت پر دھاوا بول دیں گے۔ احاطہ عدالت پر گواہ کیساتھ افسوسناک حرکت کی گٸی۔ جب فیصلے آپ کے خلاف آنا شروع ہوں تو گواہان پر چڑھاٸی شروع کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت اپنے سیاسی مفاد کے لیے ملک توڑنے کی باتیں کر رہی ہے، 9 مٸی کی طرح دوبارہ اشتعال انگیزی دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جھوٹے سیاسی مفاد اور اقتدار میں آنے کے لیے ہر منفی حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آٸی پہلے  خود ایکس پر لکھتے ہیں اور بعد میں انکاری ہوجاتے ہیں، وہ کون لوگ ہیں جو آپ کے اکاؤنٹ چلا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp