رمضان المبارک: 10روپے کلو میں پھل کیسے کھائیں؟

جمعہ 24 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوتے ہی پاکستان میں مہنگائی کےوار شروع ہو جاتےہیں، اشیائے ضروریہ  اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں اورسبزیاں بھی مہنگے داموں فروخت ہوتی ہیں۔ عوام جو حالیہ مہنگائی سے پہلے ہی غربت کی چکی میں پِس رہے ہیں ان کی پہنچ سے یہ سب کچھ دور ہو جاتا ہے۔

رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کا جو کام حکومت کو کرنا چاہیے وہ کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف یو ٹیوبر مصطفیٰ حنیف کر رہے ہیں۔ اس نوجوان نے کراچی جیل چورنگی فلائی اوور پر پھلوں کا ایک سٹال لگایا ہے جس میں 10روپے فی کلو کے حساب سے وہ پھل فروخت کر رہے ہیں ۔

مصطفیٰ حنیف کا اپنے اس اقدام کے بارے میں کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں ایک عام آدمی پھلوں کی صرف خواہش کرسکتا ہے لیکن خرید نہیں سکتا اسی لیے ہم نے اس سلسلے کا آغاز کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ تین برس سے وہ یہ کام کر رہے ہیں، انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس کارِ خیر میں اپنا حصہ بھی ڈالیں۔

اس نیک کام کی خوب پذیرائی ہو رہی ہے، سوشل میڈیا پر صارفین اس اقدام کو سراہ رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹرصارف نے مصطفیٰ حنیف کو اتنا بڑا اقدام کرنے پرسراہا اور کہا کہ اللہ انہیں جزائے خیردے۔

وکیل احمد خان نامی صارف نے جہاں مصطفیٰ حنیف کے اس اقدام کو سراہا وہیں انہوں نے اپیل کی کہ جن افراد کی مالی حالت مستحکم ہے ، وہ اس طرح کے اقدامات ضرور کریں۔

ڈاکٹر نازیہ میمن کہتی ہیں کہ اتنا بڑا اقدام شروع کرنے پراللہ انہیں مزید ہمت دے۔

صارفین نے مصطفیٰ حنیف کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جہاں پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، انہیں خریدنے کی استطاعت عوام کی پہنچ سے دور ہو رہی ہیں، وہاں اس نوجوان نے پھلوں کا سٹال لگایا ہے جہاں رعایتی قیمت میں پھل دستیاب ہیں۔

رابعہ خان نامی صارف کا کہنا تھا کہ اللہ باقی لوگوں کو بھی ایسا کام کرنے کی توفیق دے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp