سیاست میں دلچسپی رکھنے والے ناقد بھی غضب کے ہوتے ہیں۔ کوئی شارٹ پچ گیند کرائے تو گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
معروف تجزیہ کار اوریا مقبول جان نے بھی پنجاب کی نگران حکومت کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی ٹوئیٹ میں کچھ اسی نوعیت کی شارٹ پچ بال کرائی جسے صحافی عمران میر نے نہ صرف باؤنڈری سے باہر پھینک دیا بلکہ دوسرے لفظوں میں کہا جائے تو دھو ڈالا۔
اوریا مقبول جان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مینار پاکستان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ یہ ہے مینار پاکستان، جہاں پی ٹی آئی کا جلسہ ہونا ہے۔ یہ کیئرٹیکر حکومت ہے، جس نے صاف شفاف الیکشن کروانے ہیں۔یہاں چھوڑے جانے والا پانی پوری پنجاب کابینہ کے شرم سے ڈوب مرنے کے لیے کافی ہے۔‘
دوسری جانب صحافی عمران میر نے اوریا مقبول جان کے اس ٹوئیٹ کے جواب میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرمینار پاکستان کی حالیہ ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اوریا صاحب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ
’میں نے آپ کی ٹوئیٹ کے بعد صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے رپورٹر اور کیمرہ مین بھیجا اور جمعہ کی صبح 11بجےجو ریکارڈ کیا وہ شاٹس ساتھ لگا دیے ہیں۔ اس وقت پورے زور و شور سے جلسےکا ‘اسٹیج لگایا جا رہا تھا۔ ’پانی تو البتہ کہیں نہیں چھوڑا گیا لیکن شوشہ ضرور چھوڑا گیا ہے۔
اوریا صاحب،
میں نے آپ کی ٹویٹ کے بعد صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے رپورٹر اور کیمرا مین بھیجا اور جمعہ کی صبح 11 بجے جو ریکارڈ کیا وہ شاٹس ساتھ لگا دیے ہیں۔ اس وقت پورے زور شور سے جلسے کا سٹیج لگایا جارہا تھا۔ پانی تو البتہ کہیں نہیں چھوڑا گیا لیکن شوشہ ضرور چھوڑا گیا ہے۔ https://t.co/b5rSlANVIt pic.twitter.com/Q1OvgcPVtC— Imran Mir (@ImranMirMedia) March 24, 2023
اب ہم آپ پر اور اوریا مقبول جان پر مینار پاکستان کی تصویر کی حقیقت آشکار کرتے ہیں۔
اوریا مقبول جان نے جو تصویر اپنی ٹوئیٹ میں استعمال کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا وہ دراصل انگریزی اخبار دی نیوز نے جولائی 2019 میں تیزبارش سے لاہور کے ڈوبنے سے متعلق اپنی ایک خبر میں استعمال کی تھی۔
مزے کی بات یہ ہے کہ مذکورہ متنازع تصویراس وقت کی بارش کی عکاس ہے کہ جب مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومتیں تھیں۔
اوریا مقبول جان کو اندازہ نہیں تھا کہ وہ پنجاب حکومت پر تنقید کرتے کرتے خود تنقید کی زد پہ آجائیں گے۔ پنجاب کی نگراں کابینہ کوشرم سے پانی میں ڈوب مرنے کا کہیں گے لیکن خود۔۔۔ حقیقت آپ کے سامنے ہے کچھ اور کہنے کی ضرورت نہیں۔
صحافی عمران میر کی جوابی ٹوئیٹ نے اوریا مقبول جان کو اپنی متنازع ٹوئیٹ ڈیلیٹ کرنے پر مجبور کردیا۔ اب وہ ٹوئیٹ چھکا کھائی ہوئی گیند کی طرح غائب ہے۔