تمام تر تنازعات کے باوجود بولی وڈ کی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس نے چند ہی گھنٹوں میں منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔
مختصر دورانیے کے ٹریلر میں فلم کی مرکزی کاسٹ یعنی شاہ رخ خان، دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کو دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی بھارت میں دہشت گردی پھیلانے والے کچھ عناصر اور انہیں ختم کرنے کے لیے ریاستی ایجنسیوں کے کردار کے گرد گھومتی ہے۔
ٹریلر میں جان ابراہم کو منفی کردار میں دکھایا گیا ہے جو کہ بھارت میں دہشت گردی پھیلانے کے منصوبے پر کام کرتے ہیں۔
ایکشن سے بھرپور فلم کے ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی وطن سے محبت اور وطن کے خلاف کام کرنے والے عناصر کو ختم کرنے کے گرد گھومتی ہے، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔
فلم میں سلمان خان سمیت دیگر اداکاروں کی جھلکیاں نہیں دکھائی گئیں، کیوں کہ افواہیں تھیں کہ سلمان خان بھی فلم میں مختصر کردار میں دکھائی دیں گے۔
ٹریلر کو 10 جنوری کو ریلیز کیا گیا اور اسے محض 6 گھنٹوں کے دوران یوٹیوب پر 40 لاکھ بار دیکھا گیا اور بھارت میں ٹوئٹر پر یہ ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا۔
لوگوں نے ’پٹھان‘ کے ٹریلر کی کلپس اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے جہاں اس کی مخالفت کی، وہیں ہزاروں لوگوں نے اس کی حمایت کرتے ہوئے اسے شاہ رخ خان کی اب تک کی بہترین فلم بھی قرار دیا۔
پروڈیوسر ادیتیا چوپڑا کی اس فلم کی ہدایات سدھارتھ آنند نے دی ہیں اور اسے 25 جنوری کو ہندی کے علاوہ دیگر مقامی زبانوں میں ریلیز کرنے کی تصدیق کی گئی۔