کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب 2 نامعلوم افراد نے آن لائن آم کی فروخت کا کاروبار کرنے والے شخص کو فائرنگ کر کے قتل کردیا اور مقتول کا سڑک پر گرنے والا موبائل فون بھی اٹھا کر فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں:سیاہ کاری کا الزام، بولان میں خاتون سمیت 2 افراد قتل
پولیس کے مطابق یہ گلبرگ کے علاقے فیڈرل بی ایریا عائشہ منزل پیزا شاپ کے قریب کا واقعہ ہے جب 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی جہاں پتا چلا کہ مقتول 30 سالہ سید رضوان حسین ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کم عمر لڑکے کے اغوا اور قتل کے کیس میں 2 ملزمان کو دوہری عمر قید کی سزا
ایس ایچ او تھانہ گلبرک شیخ طاہر نے بتایا کہ مقتول انچولی کا رہائشی تھا اور آن لائن آم کا کام کر رہا تھا، جس وقت یہ واقعہ پیش آیا وہ عائشہ منزل پر موٹر سائیکل پر آم کی پیٹی لے کر کسی کا انتظار کر رہا تھا، اس دوران موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے جس میں سے ایک اتر کر پیدل چلتا ہوا آیا اور رضوان کو قریب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا، مقتول کے سر اور سینے پر گولیاں لگیں، اس دوران مقتول کا موبائل فون بھی سڑک پر گر گیا جسے ملزم نے اٹھا لیا اور بعدازاں اپنے ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہجوم کے ہاتھوں قتل کے واقعات کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
پولیس اس پورے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی مدد حاصل کر رہی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 3 خول ملے ہیں اور مقتول کا منشیات کے حوالے سے بھی کرائم ریکارڈ کا پتہ چلا ہے جس کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس کی پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا لیا جائے گا ۔