بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دوران عدت نکاح کیس میں 2 درخواستیں دائر کردیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج افضل مجوکا کی عدالت میں وکیل کے ذریعے دائر کی ایک درخواست میڈیکل بورڈ کے ذریعے رائے لینے اور دوسری درخواست اسلامی نظریاتی کونسل، وفاقی شریعت کورٹ اور اسلامی اسکالرز کی رائے لینے سے متعلق دائر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں عدت نکاح کیس میں اہم پیشرفت، خاور مانیکا کی درخواست مان لی گئی
جج افضل مجوکا نے خاور مانیکا کے وکیل کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے، کیس کی سماعت 11 جولائی کو ہوگی۔
واضح رہے کہ عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دوران عدت نکاح کے کیس میں 7،7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سزا کے خلاف اپیلیں دائر کی ہیں جن پر سماعت ہورہی ہے، اور ہائیکورٹ نے ماتحت عدالت کو 12 جولائی تک کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔