وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے کامیاب آپریشن کو سراہاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
جمعرات کو بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں پاک فوج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر تہنیتی پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ فوجی افسران اور جوان ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ سے سپہ سالار اور ان کے خاندان کیخلاف باتیں کی جارہی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف
وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک افواج پر فخر ہے، دہشتگردی کے خلاف پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج کے جوانوں نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں انتہائی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جنہم واصل کیا۔
بلوچستان میں دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع ہوشاب میں جمعرات کو سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
مزید پڑھیں:وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات کو 60 ارب ڈالر سالانہ پر پہنچانے کا ہدف دے دیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشتگرد علی جان ہلاک اور 2 دہشتگرد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے، ہلاک دہشتگرد اغوا ،ٹارگٹ کلنگ اور دیگر متعدد دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
وزیراعظم کے خیبر پختونخوا کے لیے اہم اعلانات
اس سے قبل تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے الے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے صوبے کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:جذبات میں کہہ گیا تھا کہ 6 مہینے میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کو ترجیح دی ہے۔
وزیر اعظم نے صوبہ میں ضم شدہ اضلاع میں صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا، مقامی طلبا کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے دانش اسکولوں کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے بجلی چوری کی روک تھام، شمسی توانائی کو فروغ دینے اور غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی میں تبدیل کر رہی ہے جس سے زرعی شعبے کی ترقی میں مدد ملے گی، کاشت کاری کی زمین میں اضافہ ہوگا اور درآمدی ایندھن کے اخراجات میں اربوں ڈالر کی بچت ہوگی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے غریب اور متوسط آمدنی والے افراد کے لیے بجلی کے بلوں میں نمایاں ریلیف کے حالیہ اعلان کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کے پی کے منتخب نمائندوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے نائب وزیراعظم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔