گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی مہنگائی کے خلاف دھرنے کی حمایت کردی اور کہا کہ وہ جماعت اسلامی کے دھرنا مظاہرین کا کل شام 5 بجے گورنر ہاؤس میں انتظار کریں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف دھرنے کی حمایت کرتا ہوں، بارش کے پیش نظر پکوڑوں کے علاوہ کھانے پینے کا بھی بندوبست کروں گا۔
کامران ٹیسوری نے جماعت اسلامی کی قیادت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مشکلات میں مبتلا کرکے ان سے انتقام مت لیں، گورنر ہاؤس کے اندر دھرنا دیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دھرنے میں شریک نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز میں داخلے کی آفر کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور آئی پی پیز کے معاہدوں کے خلاف راولپنڈی کے لیاقت باغ پر جاری دھرنے کو دیگر شہروں میں پھیلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
راولپنڈی میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کراچی کے باہر دھرنا شروع ہو رہا ہے، پہلے مرحلے میں کراچی پھر لاہور اور ملتان میں دھرنا دیں گے۔