’پہلے اپنے گھر کی حفاظت تو کرلیں‘، پاکستان کے خلاف بیان پر ایرانی ایمبیسی کو شدید تنقید کا سامنا

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطین کی عسکری تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کو قاتلانہ حملے میں اس وقت شہید کر دیا گیا جب وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔ ایسے وقت میں جب اسماعیل ہنیہ کو ایران میں نشانہ بنایا گیا ایرانی سفارتحانہ پاکستان میں پارا چنار واقعہ پر رد عمل دے رہا ہے جس پر اسے سخت تنقید کا سامنا ہے۔

ایرانی سفارتخانے نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ پاراچنار میں ہونے والے ان واقعات کی مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں خطے میں شہریوں کی شہادت ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات کو روکنے اور پاکستان میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستانی فوج اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کے لیے سیاسی اور مذہبی شخصیات کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

ایرانی سفارتخانے کی جانب سے پاکستان کے حوالے سے ٹوئٹ پر صارفین کی جانب سے سخت ردعمل دیا جا رہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو ایران میں شہید کیا گیا اور ان کو پاکستان کی فکر ستا رہی ہے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کی نہیں بلکہ اپنی فکر کرے جن کے ملک میں کوئی مہمان بھی محفوظ نہیں ہے اسماعیل ہنیہ کو ایران میں شہید کیا گیا ہے۔

ایک ایکس صارف نے ایرانی ایمبیسی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں دخل دینے کی بجائے اپنے ملک پر توجہ دیں۔

رابعہ اصغر لکھتی ہیں کہ ایران دوسرے ممالک میں دخل اندازی کی بجائے اپنے ملک کی سلامتی پر توجہ دے، انہوں نے ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ملک تو اپنے مہمانوں کی حفاظت بھی نہیں کر سکتا۔

ایکسپوز پروپیگنڈا نامی پیج کی جانب سے ایرانی سفارتخانے کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسماعیل ہنیہ کو ایران میں گھس کر ان کی رہائش گاہ پر قتل کردیا گیا ہے ایک کے بعد ایک اعلی حکومتی شخصیات کا ایران میں نشانہ بننا اور پھر ایران کا پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو امن قائم رکھنے کا درس دینا ایک انتہائی غیرذمہ دارانہ بیان ہے۔

واضح رہے کہ فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp