وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے حوالے سے اکثر چہ مگوئیاں ہوتی ہیں کہ ان کا تعلق آخر کس سیاسی جماعت سے ہے۔ کبھی انہیں پاکستان پیپلز پارٹی کا سمجھا جاتا ہے اورکبھی ن لیگ اور کبھی ان کے تعلقات مقتدرہ سے بتائے جاتے ہیں لیکن انہوں نے ایک تقریب میں بالآخر اس معاملے پر مختصر طور پر روشنی ڈال ہی دی۔
یہ بھی پڑھیں: اللہ کو پتا ہے بانی پی ٹی آئی کس سے مذاکرات کریں گے اور کس سے نہیں: محسن نقوی
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے درمیان سپریم کورٹ بار ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈویلپمنٹ ورک کے افتتاح سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے اعتراف کیا کہ صحافی ان سے ان کی سیاسی وابستگی کے حوالے سے اکثر سوال کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرجن محسن نقوی کی پہلی سرجری، ناتجربہ کاری کے سبب معاملہ خراب نہ ہوجائے
محسن نقوی نے کہا کہ مجھ سے پوچھا جاتا ہے کہ میری پارٹی کون سی ہے، پیپلز پارٹی ہے یا ن لیگ جس پر میں یہ کہتا ہوں کہ میری پارٹی احسن بھون کی پارٹی ہے۔ واضح رہے کہ احسن بھون سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہیں۔ تقریب میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔