فخرپاکستان پیرس اولمپکس کے جیولین چیمپیئن ارشد ندیم طلائی تمغہ کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے، لاہور ائیرپورٹ پر پنجاب حکومت کی سرپرستی میں قومی ہیرو کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا، قومی ہیرو کے طیارہ کو واٹر کینن سلامی دی گئی، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اعلیٰ حکومتی وزرا، عہدیداروں اور فوجی افسران نے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔
یہ بھی پڑھیں:فخر پاکستان ارشد ندیم کی انعامی رقم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار
ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب صبح 1 بج کر 27 منٹ پر قومی ہیرو اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک جھلک دیکھنے اور پنجاب حکومت کی سرپرستی میں استقبال کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔
پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی پرواز ٹی کے 714 اتوار کی صبح 1 بج کر 27 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراتری تو ان کے آبائی شہر میاں چنوں چک 101 سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ اپنے چیمپیئن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے یہاں پہلے سے ہی موجود تھے۔
مزید پڑھیں:ارشد ندیم کو پاکستان کے دوسرے بڑے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا
حکومتی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال،عظمیٰ بخاری، خواجہ سعد رفیق، شیزہ فاطمہ، فیصل کھوکھر اور رانا مشہود سمیت ارشد ندیم کے والدین اور سرکاری حکام بھی 27 سالہ قومی ہیرو کے استقبال کے لیے پہلے سے ہی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
لاؤنج میں ارشد ندیم کے والد نے انہیں گلے لگایا اور ہار پہنائے۔ وہاں موجود مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق عظمیٰ بخاری اور دیگر نے بھی ارشد ندیم کو ہار پہنائے۔
آپ کے بیٹے نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا، احسن اقبال کی ارشد ندیم کے والد کو مبارکباد
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایئر پورٹ پر ارشد ندیم کے والد محمد اشرف کومبارک باد پیش کی اور کہا کہ آپ کے بیٹے نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، میں پورے خاندان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس جیت کو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔
اس موقع پر ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کی ذات اور اس کے بعد اپنے والدین اور پھر قوم کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں انہی کا لگایا ہوا ایک پودا ہوں۔ قومی ہیرو ارشد ندیم نے اولمپکس میں اپنی جیت کا کریڈٹ اپنے والد، کوچ اور جنرل(ر) اکرم ساہی کو دیا۔
مزید پڑھیں:پیرس اولمپکس کے ہیرو ارشد ندیم کو سوشل پلیٹ فارم ایکس نے بڑے اعزاز سے نواز دیا
پنجاب پولیس کے خصوصی بینڈ اسکواڈ نے ارشد ندیم کا استقبال کیا، اس موقع پر ارشد ندیم کو لاہور پولیس کی جانب سے تاریخی وی وی آئی پی پروٹوکول بھی فراہم کیا گیا۔ 150 سے زیادہ افسران اور اہلکاروں نے ان کی حفاظت کو یقینی بنایا اور ایلیٹ فورس کا ایک پورا اسکواڈ ان کی حفاظت پر مامور کر دیا گیا۔
ارشد ندیم کے ہمراہ ایشین ایتھلیٹکس کے نائب صدر اور ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس کے چیئرمین میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی بھی موجود تھے۔ ایس پی منیر ہاشمی کی زیر نگرانی لاہور ٹریفک پولیس نے ایئرپورٹ کی جانب جانے والی سڑکوں پر بلاتعطل ٹریفک آپریشن کو یقینی بنایا۔
ارشد ندیم پیرس سے وطن واپسی کے لیے جب استنبول ایئرپورٹ پر پہنچے تو وہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے وطن میں قدم رکھنے کے لیے بے چین ہوں، میری قوم کی محبت اور حمایت زبردست ہے اور میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوں کہ ہر کوئی میرا انتظار کر رہا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کی 92.97 میٹر طویل تھرو، چند اہم حقائق جاننا ضروری ہیں
ارشد ندیم نے اولمپک گولڈ میڈل جیتنے کا سہرا پاکستانی عوام کی دعاؤں اور نیک خواہشات کو دیا، انہوں نے کہا کہ قوم کی اجتماعی دعاؤں کی وجہ سے میں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
طیارے کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر ارشد ندیم کا پرتپاک استقبال
ایئر ٹریفک کنٹرول نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو لے جانے والے طیارے کے کپتان کا پرتپاک استقبال کیا، ایک خصوصی انٹرویو میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے کپتان نے ارشد ندیم جیسے قومی ہیروز کو وطن واپس لانے کے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
ارشد ندیم کی تصاویر سے سجے بڑے بڑے بورڈ ز پورے ایئرپورٹ پر آویزاں کیے گئے تھے جبکہ ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) کا خصوصی بورڈ ملک کے فخر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے استقبالیہ کیمپ میں نمایاں طور پر آویزاں کیا گیا تھا۔
ارشد ندیم کے لیے ہلال امتیاز کا اعزاز
پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں صدر آصف علی زرداری نے ہلال امتیاز سے نوازنے کی ہدایت کی ہے۔ کھیلوں میں ارشد ندیم کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو انعامی رقم پر کتنا ٹیکس دینا پڑے گا؟
ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس میں پاکستان کا پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی اور مردوں کے جیولین تھرو میں 92.97 میٹر کے ریکارڈ توڑ تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ خاص طور پر دفاعی چیمپیئن نیرج چوپڑا پر سبقت لے جانے کی وجہ سے انہیں پورے ملک میں زیادہ سراہا گیا۔
یاد گاری ٹکٹ کا اجرا
علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر ’ عزم استحکام‘ کے عنوان سے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا جس پر ارشد ندیم کی تصویر ان کی کامیابی کے اعزاز میں درج ہے۔