وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے اعلان کردہ تاریخی پیکج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے طویل مدتی حل کے لیے کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چند دنوں میں قوم کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی، وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہانہ 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 14 روپے فی یونٹ کمی کا فیصلہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست اقدام کی قابل ذکر مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی رہنمائی میں عوامی ریلیف ان کے عہدہ سنبھالنے کے پہلے دن سے ہی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔
مزید پڑھیں:حکومت پنجاب میں اگست اور ستمبر کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کمی کرے گی، نواز شریف کا اعلان
حال ہی میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اپنے سالانہ ترقیاتی بجٹ کے حجم میں 50 ارب روپے کی کٹوتی کرکے ماہانہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے بجلی صارفین کے لیے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں حکومت عوام کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد ملک درست سمت میں گامزن ہے، عوام کو ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے طویل مدتی حل کے لیے کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔