عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر کے امیدوار، انتخابات کب اور کیسے ہوں گے؟

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہوا ہے اور اس سلسلے میں ان کے کاغذات نامزدگی زلفی بخاری کے ذریعے جمع کروادیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان جیل سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑیں گے، درخواست فارم جمع

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے اس سلسلے میں وی نیوز کو بتایا کہ کاغذات نامزدگی کے بعد جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہوگا جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست لگائی جائے گی۔

زلفی بخاری کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستان یا ایشیا سے کوئی فرد آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا امیدوار ہوگا۔

مزید پڑھیے: آکسفورڈ یونین کا صدر بننے والا اسرار کاکڑ، قلعہ عبداللہ سے آکسفورڈ یونیورسٹی تک کیسے پہنچا؟

آکسفورڈ یونیورسٹی نے پہلی مرتبہ کاغذات نامزدگی آن لائن وصول کیے ہیں اور یہ پہلا موقع ہوگا جب تمام ووٹرز آن لائن ہی ووٹنگ کے عمل میں شامل ہوں گے۔

چانسلر کا انتخاب کب ہوگا؟

آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخابات کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ستمبر کے آخری ہفتے تک جاری رہے گی جس کے بعد امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔

یونیورسٹی کی 8 رکنی الیکشن کمیٹی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرتی ہے۔انتخابات 24 اکتوبر کو ہوں گے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جیل میں قید کسی امیدوار نے چانسلر کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

اگر عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہوجاتے ہیں تو وہ پہلے پاکستانی ہوں گے جو چانلسر کے امیدوار کے لیے میدان میں اتریں گے۔

انتخابات میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے گریجویٹس اور فیکلٹی ممبرز ووٹ دینے کے اہل ہیں۔

مزید پڑھیں: جنرل فیض 9 مئی اور عمران خان کی گرفتاری کے بعد بھی ان سے رابطے میں تھے، رپورٹ

آکسفورڈ یونیورسٹی کے انتخابات میں 2 خواتین بھی امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ اگر ان میں سے کوئی کامیاب ہوجاتی ہیں تو وہ یونیورسٹی کی پہلی خاتون چانسلر ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp