گورنر سندھ پکوڑے تلنے لگے،ویڈیو وائرل

پیر 3 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر سندھ  کامران ٹیسوری نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ گورنر ہاؤس کے صحن میں بیٹھ کر پکوڑے تل رہے ہیں۔

‘ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’گیارہویں افطاری پر آپ کے لیے پکوڑے تیار کر رہا ہوں، آئیں اور میرے ساتھ گورنر ہاؤس میں افطار کریں‘

اس ویڈیو میں گورنر کامران ٹیسوری لوگوں سے کہتے ہیں کہ’میں آپ لوگوں کے لیے خود پکوڑے بنانے بھی بیٹھ گیا ہوں تو آئیں اور ہمارے ساتھ افطاری کریں‘

گورنر کامران ٹیسوری کی جانب سے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد مختلف ٹوئٹر صارفین نے مختلف قسم کے ردعمل کا اظہار کیا۔

آصف اقبال خان نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ’بے بس اور مجبور گورنر کرے بھی تو کیا کرے، ظاہر ہے کہ پاس کوئی اہم و ضروری امور معاملات نمٹانے کے لیے کچھ ہی نہیں اور نہ ہی کوئی بڑا ریلیف ماسوائے اسی واحد سستا کام کے لیے۔ اس سے کون سی فلاح بہبود اور رفاہی کام کا تعلق ہے، جھوٹی انا اور خواہش کی تکمیل اور مستقبل میں پکوڑے کی دکان کھولنے اور اب یہ بھی دن آگیا ہے کہ گورنر ہاؤس پکوڑے، مینا بازار، مہندی، بیوٹی پارلر وغیرہ کے لیے رہ گیا ہے۔ قابل احترام بڑے بھائی! کوئی  رفاہ عامہ کے لیے کام کرے جن سے آپ کی عزت و احترام بڑھنے کے ساتھ ساتھ مقبولیت میں اضافہ اور رشتہ مضبوط ہو‘

کامران ٹیسوری کی جانب سے لوگوں کو گورنر ہاؤس میں گیارھویں افطاری کے پکوڑے تلنے کی ویڈیو شیئر کرنے پر جن صارفین نے ان پر تنقید کی، شاید وہ گورنر ٹیسوری سے یہ سننا چاہتے ہوں گے کہ میں آپ لوگوں کے لیے گورنر ہاؤس میں بیٹھا ہوں۔ آئیں! اور میرے ساتھ اپنے مسئلے شیئر کریں۔ میں آپ لوگوں کے مسئلے متعلقہ اداروں تک پہنچاؤں گا۔

حسیب ارسلان نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’کراچی کی حالت دیکھ اور اس کے تماشے‘

ایس ایس بی نامی ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ سر! براہ مہربانی کراچی کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورت حال کی طرف دیکھیں۔ کراچی بہت بڑا شہر ہے۔

کچھ ٹوئٹر صارفین نے تنقید کی تو بعض نے تعریف بھی کی۔

عارف مغل نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ زبر دست کراچی کے عوام گورنر ہاؤس اپنی فیملی کے ہمراہ آتے ہیں۔ عوامی گورنر اپنی عوام کے درمیان۔ ایم کیوایم پاکستان

گورنر سندھ کی ٹوئٹر پر پکوڑے تلنے کی ویڈیو دیکھ کر عوام گورنر ہاؤس پہنچ گئی۔ خواتین و بچو ں سمیت سب ہی افراد نے سندھ کے گورنر کے ساتھ خوب سیلفیاں اور تصاویر بنوائیں۔

کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں آنے والے افراد کے ساتھ بیٹھ کر روزہ بھی افطار کیا۔

گورنر سندھ کی جانب سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی گیارھویں افطار کی ویڈیوز دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ شاید افطار سے پہلے انہوں نے لوگوں کے مسئلے بھی سنے ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp