پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہر طرح کی ایکسٹینشن کی مخالفت کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت ہر چیز چھپا کر کررہی ہے، دنیا میں کہیں پر بھی قانون سازی چھپا کر نہیں کی جاتی۔
دنیا میں کہیں قانون سازی چھپا کر نہیں کی جاتی، حکومت ہر چیز چھپا کر کرتی ہے، اب قانون سازی کو بھی خفیہ رکھا جا رہا ہے، کسی بھی طرح کی ایکسٹینشن کی ہم مخالفت کریں گے، بیرسٹر گوہر pic.twitter.com/uunucSCBkI
— Khurram Iqbal (@khurram143) August 26, 2024
انہوں نے کہاکہ ہر سیشن سے قبل تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوتا ہے جس میں مشاورت کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ میڈیا پر خبریں زیرگردش ہیں کہ حکومت چیف جسٹس پاکستان کی مدت میں توسیع کرنا چاہتی ہے، اس حوالے سے کچھ حکومتی ذمہ داران دبے الفاظ میں بات بھی کرچکے ہیں، تاہم اس کے لیے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔
عدالت کی جانب سے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے فیصلے کے بعد حکومت دو تہائی اکثریت سے محروم ہوچکی ہے، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو بے اثر کرنے کے لیے الیکشن ایکٹ میں ترمیم بھی کردی ہے، جس کے بعد یوں لگ رہا ہے کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ آمنے سامنے ہیں۔
کچھ روز قبل وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالتوں سے جس طرح کے فیصلے آرہے ہیں آئینی ترمیم وقت کی ضرورت ہے۔