ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ’ادھار‘ لیکر چین روانہ، ’اب یہ کس کا وژن ہے؟‘

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کا قومی کھیل ہاکی جس میں کبھی پاکستان کا ڈنکا بجتا تھا اب کئی برس سے زوال کا شکار ہے اور اب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان ہاکی ٹیم ’ادھار‘ ائیر ٹکٹیں لے کر ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے چین روانہ ہوئی ہے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے بتایا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم کو چین میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے فنڈز کی کمی کا سامنا تھا جس کے باعث انہیں کریڈٹ پر ٹکٹیں خریدنی پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ٹیم کے پاس بیرون ملک جانے کے لیے فنڈز نہ ہوں اور ان کی ادائیگی بعد میں کی گئی ہو۔

ہاکی ٹیم کے ادھار ایئر ٹکٹیں لے کر ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے معاملے پر صارفین کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا سپورٹس صحافی روحا ندیم نے کہا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے ادھار کے ٹکٹ پر چین روانہ ہوئی ہے اور صرف چار ماہ قبل اذلان شاہ کپ میں رنر اپ ٹیم کے لیے سرکاری سطح اور سٹیک ہولڈر کی جانب سے جشن منایا جا رہا تھا۔

چوہدری سجاد حسین نے لکھا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہوا کرتا تھا لیکن پھر ٹرولنگ ہمارا قومی کھیل بن گیا اس پر کروڑوں خرچ کئے جاتے اور ہر گھر میں گالی اور نفرت پھیل گئی اور پرانے قومی کھیل کے لیے ائیر ٹکٹوں کے پیسے بھی نہیں ہیں یہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔

سجاد چیمہ نے طنزاً کہا کہ پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم چینی کمپنی سے ادھار ائیر ٹکٹ لے کر چین روانہ ہوئی ہے، کوئی تو بتاؤ یہ کس کا وژن ہے۔

واضح رہے کہ چائنہ میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ 8 ستمبر سے 17 ستمبر تک شیڈول ہے جس میں پاکستان، انڈیا اور چائنہ سمیت ایشیا کی 6 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp