کارساز ٹریفک حادثے کی تحقیقات میں تیزی، برطانوی حکومت سے رابطے کا فیصلہ

بدھ 4 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کارساز ٹریفک حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے تحقیقات کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں برطانوی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق، ملزمہ نتاشا دانش کے وکیل نے عدالت میں ملزمہ کا برطانیہ کا ڈرائیونگ لائسنس جمع کروایا ہے، جس کی تصدیق کے لیے برطانوی حکومت سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کار ساز حادثہ: ملزمہ نتاشا کے نشے میں ہونے کی تصدیق پر ایک اور مقدمہ درج

دوسری جانب، کارساز میں سروس روڈ پر ملزمہ نتاشا کی گاڑی کی رفتار کتنی تھی، پولیس نے یہ جاننے کے لیے ماہرین کی رائے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق، ملزمہ کے پاس پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں تھا، اس کے باوجود وہ سڑک پر گاڑی چلا رہی تھیں، کارساز میں جہاں حادثہ ہوا اس سروس روڈ پر گاڑیوں کی حد رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ہونی چاہیے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ سروس روڈ پر حدرفتار مقرر ہے لیکن نتاشا کس رفتار سے گاڑی چلا رہی تھی، اس رفتار کا تعین کرنے کے لیے تفتیشی اہلکاروں نے پولیس انجینئرز اور یونیورسٹی ماہرین سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ کارساز: ’نتاشا دانش کو انسانی زندگیوں کے ضائع ہونے پر کوئی پچھتاوا نہیں‘

ذرائع کا کہنا ہے کہ نتاشا کے برطانوی ڈرائیونگ لائسنس اور کارساز سروس روڈ پر گاڑی کی رفتار سے متعلق معلومات سے تفتیش میں مدد ملے گی اور اور یہ معلومات کیس کے فیصلے میں اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔

واضح رہے کراچی کے علاقے کارساز روڈ پر 19 اگست کو ملزمہ نتاشا دانش نے ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار عارف اور ان کی بیٹی آمنہ کو اپنی ایس یو وی کار سے کچل کر ہلاک کردیا تھا۔ ملزمہ کے وکیل نے عدالت میں ملزمہ کو نفسیاتی مریضہ ثابت کرنے کی کوشش تھی تاہم ملزمہ کی میڈیکل رپورٹس میں ملزمہ کے نمونوں میں منشیات کی موجودگی پائی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp