علی امین گنڈاپور سیکیورٹی میٹنگ میں تھے اور جیمرز کی وجہ سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا، وزیر قانون خیبرپختونخوا

منگل 10 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر قانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ساتھ کچھ نہیں ہوا، وہ ایک سیکیورٹی میٹنگ میں تھے، اور جیمرز کی وجہ سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا اور اضطراب پیدا ہوا۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی قیادت کو مختلف طریقوں سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور 8 گھنٹے کہاں غائب رہے؟

آفتاب عالم نے کہاکہ سنگجانی جلسہ سے مخالفین اور ان کے سہولت کار بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 4 کروڑ عوام کے نمائندے ہیں، آج اسمبلی میں اس معاملے پر بات کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ امید ہے علی امین گنڈاپور آج اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور گزشتہ روز اسلام آباد پہنچنے کے بعد اچانک لاپتا ہوگئے تھے، تاہم وہ رات گئے خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچے اور صبح پشاور روانگی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور کو تحویل میں لے لیا گیا، بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اسلام آباد سے گرفتار

علی امین گنڈاپور سے رابطہ نہ ہونے پر مشیر خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے ان کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ سمیت ان کے اسٹاف سے بھی رابطہ نہیں ہو پارہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp