اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چارٹر آف پارلیمنٹ کی تجویز دے دی ہے جبکہ قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کی کارروائی چلانے کے لیے 16 رکنی کمیٹی کے قیام کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے چارٹر آف پارلیمنٹ کی تجویز پیش کی، انہوں نے کہا کہ جماعتیں اور قیادت اکٹھی بیٹھیں یا نہ بیٹھیں، ارکان کو تو اکٹھے بیٹھنا ہے، کیا ہم پارلیمنٹیرینز چارٹر آف پارلیمنٹ پر دستخط نہیں کرسکتے۔
یہ بھی پڑھیں: آپ پارلیمنٹ سے کسی کو گرفتار نہیں کرسکتے، اسپیکر قومی اسمبلی کا آئی جی اسلام آباد کو تمام گرفتار رہنماؤں کی رہائی کا حکم
انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید ضرور کریں لیکن یہ تنقید ذاتیات پر مبنی نہیں ہونی چاہیے، اسمبلی میں حزب اختلاف کو بولنے کا زیادہ موقع دیا، میں جو کرسکتا تھا میں نے کیا، اپوزیشن اور حکومتی ارکان ساتھ بیٹھ کر رولز طے کرلیں، ایک دوسرے پر تنقید کریں مگر احترام کا خیال رکھیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر کل ہی جاری کردیے تھے، کمیٹی آج ہی قائم کرتے ہیں، اس میں مزید تاخیر نہ کی جائے، جو واقعہ پیش آیا اس کی تہہ تک جانے کی کوشش کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ سے پی ٹی آئی کے اراکین کی گرفتاری، سارجنٹ ایٹ آرمزسمیت 4 سیکیورٹی اہلکارمعطل
قبل ازیں، پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ گرفتار پی ٹی آئی اراکین کے پروڈکشن آرڈرز پر تاحال عملردرآمد نہیں کیا گیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسپیکر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے حکم پر عملدرآمد کیا جائے۔