مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرائیں گے، کانگریس کا ریاستی انتخابات سے قبل کشمیریوں سے وعدہ

منگل 17 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل ہونے والے انتخابات سے قبل بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ریاستی عوام سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کریں گے۔

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہاکہ بی جے پی نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد ریاست میں جابرانہ سیاست کی، ضروری ہے کہ مقبوضہ وادی کی آزادی واپس حاصل کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کے حملوں کی نئی لہر نے بھارتی افواج کو ہلا کر رکھ دیا، عالمی میڈیا

کانگریس نے حال ہی میں جاری کیے گئے اپنے منشور میں کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی آواز اب پوری قوت سے گونج رہی ہے، اس وقت مقبوضہ کشمیر کے عوام مشکل ترین حالات میں زندگی گزار رہے ہیں اور کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔

کانگریس نے کہاکہ 2019 میں بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کنٹرول ہاتھ میں لے لیا، جس کے خلاف کشمیری برسر پیکار ہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی انتخابات کا پہلا مرحلہ کل سے شروع ہوگا، جس سے قبل مودی سرکار نے وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں کئی دہائیوں سے بھارتی جارحیت جاری ہے، اور کانگریس کے منشور پر بی جے پی کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہاکہ آرٹیکل 370 اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے جسے بحال نہیں کیا جائے گا، اب اس مسئلے کو جڑ سے ختم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کے حملوں کی نئی لہر نے بھارتی افواج کو ہلا کر رکھ دیا، عالمی میڈیا

یاد رہے کہ مودی سرکار نے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی، اور اس کے بعد بڑی تعداد میں ہندوؤں کو وہاں پر بسایا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp