پاکستان اور جنوبی افریقہ ٹی20 سیریز برابر، ندا ڈار کے 2 ہزار رنز مکمل

جمعرات 19 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملتان میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں جہاں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست سے دوچار کیا،  وہیں سابق پاکستانی کپتان ندا ڈار نے ٹی20 کرکٹ میں اپنے 2 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ہیں۔

بدھ کے روز ملتان میں کھیلے جانے والے اس دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 13 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے، پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 10 رنز سے شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی20 کرکٹ کا انوکھا ریکارڈ‘ ایک میچ میں 3 سپر اوورز؟

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے کرکٹ ریکارڈ بک میں اپنا سب سے زیادہ اسکور درج کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے، تاہم جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز ہی بنا سکی۔

اس میچ کی خاص بات پاکستان کی سابق کپتان ندا ڈار کی بلے بازی تھی جنہوں نے 4 چوکوں کی مدد سے مجموعی طور پر 29 رنز بناتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 2000 رنز بھی مکمل کرلیے،

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستانی اوپنرز منیبہ علی اور گل فیروزہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں پاکستان کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا، گل فیروزہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، 6 چوکے اور 2 چھکوں سے مزین 45 رنز اسکور کرنیوالی منیبہ علی کی جارحانہ اننگ کا خاتمہ ڈیرکسن کی گیند پر ہوا۔

مزید پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ 2026، پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی خبر

تیسری وکٹ 100 رنز کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب سدرہ امین 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، کپتان فاطمہ ثنا نے ندا ڈار کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 60 قیمتی رنز کا اضافہ کیا، ندا ڈار نے 4 چوکے لگاتے ہوئے 29 رنز اسکور کیے۔

فاطمہ ثنا نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 37 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئیں، عالیہ ریاض نے 7 گیندیں کھیل کر ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 17 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی20 کرکٹ: جان نکول لوفٹی ایٹن نے تاریخ کی تیز ترین سنچری جڑ دی

ہدف کے ناکام تعاقب میں جنوبی افریقہ کی اننگ کی خاص بات سونے لیز  کی عمدہ ناقابل شکست بیٹنگ تھی، انہوں نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے53 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں، 30 رنز کے ساتھ کلوئے ٹراؤن بھی ناٹ آؤٹ رہیں، دونوں نے 5ویں وکٹ کی شراکت میں 80 رنز جوڑے۔

جنوبی افریقی کی کپتان لورا وولوارٹ نے 36 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور نشرح سندھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی20 سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ جمعہ کو ملتان میں ہی کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp