حزب اللہ کا تل ابیب کے قریب موساد کے ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملہ

بدھ 25 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حزب اللہ نے پہلی بار تل ابیب کے قریب واقع اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملہ کیا ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب لبنان کی حزب اللہ کی جانب سے وسطی اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حزب اللہ کا بڑا حملہ، اسرائیل کے بھاری نقصان کے مناظر سامنے آگئے

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ بدھ کو لبنان کی حزب اللہ نے تل ابیب کے قریب موساد کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بناتے ہوئے بیلسٹک میزائل داغا ہے۔ بلیسٹک میزائل کے اسرائیل میں داخل ہوتے ہی اس وقت سائرن بجنا شروع ہو گئے جب اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کو اسرائیل کی طرف بڑھتے ہوئے سراغ لگا لیا۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا وہ وہ جگہ تھی جہاں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی نے پیجرز اور دیگر وائرلیس آلات کا استعمال کرتے ہوئے حالیہ حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔

یہ نئی صورت حال ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل کی جانب سے لبنان پر بمباری کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے جس میں کم از کم 500 افراد شہید اور ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:لبنان: اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر سمیت 13افراد ہلاک، 60 سے زائد زخمی

یہ پہلا موقع ہے جب اکتوبر میں غزہ اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے کے بعد حزب اللہ نے بیلسٹک میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامک مزاحمتی تحریک  نے بدھ کی صبح ساڑھے 6 بجے ‘قادر 1’ بیلسٹک میزائل داغا جس میں تل ابیب کے مضافات میں موساد کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ ہیڈکوارٹر حزب اللہ رہنماؤں کے قتل، پیجروں اور وائرلیس ڈیوائسز کے دھماکے  کرنے کا ذمہ دار ہے۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ غزہ کے عوام کی حمایت اور لبنان اور اس کے عوام کے دفاع میں کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب لبنان سے داغا جانے والا میزائل وسطی اسرائیل تک پہنچا ہے۔

حزب اللہ نے گزشتہ ماہ ایک فضائی حملے میں تل ابیب کے قریب ایک انٹیلی جنس بیس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اسرائیل کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

اسرائیل میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور فوج کا کہنا ہے کہ وسطی اسرائیل کے لیے شہری دفاع کی ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ: 2 روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں 119 فلسطینی شہید

اسرائیلی فضائیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اس کے طیاروں نے اس لانچر کو نشانہ بنایا ہے جس سے میزائل لبنان سے نافخیا کی جانب داغا گیا تھا۔

میزائل حملہ اسرائیل کے لیے ایک پیغام تھا

اسرائیلی فوج نے بدھ کو اطلاع دی تھی کہ حزب اللہ نے مقبوضہ شام کے علاقے گولان کی پہاڑیوں اور شمالی اسرائیل میں ماؤنٹ کارمیل کے قریب بھی حملے کیے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دفاعی نظام نے راکٹ اور ڈرون حملوں کو روکا ہے۔

ادھر عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ فائر کرنا تیز کر دیا ہے اور تل ابیب پر داغے جانے والے میزائل کا مقصد بھی اسرائیل کو ایک پیغام دینا تھا کہ وہ یہ بھی کر سکتے ہیں۔ حزب اللہ کی طرف سے اس پیغام کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ان کے پاس اب بھی بیلسٹک میزائل کی صلاحیت ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے حزب اللہ کی جانب سے داغے جانے والے میزائل کو روک لیا تھا، تاہم اسرائیلیوں کے لیے یہ بھی خوف ہے کہ میزائل دفاعی نظام آسانی سے تباہ بھی ہو سکتا ہے۔

ادھر اسرائیل نے لبنان پر بمباری کا سلسلہ رات بھر اور بدھ کو بھی جاری رکھا ہوا ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے 4 مراحل میں متعدد فضائی حملے کیے جو اس کی تاریخ کے سب سے بڑے فضائی حملے تھے، جس میں 250 لڑاکا طیاروں نے 2000  سے زیادہ گولہ بارود گرایا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp