غزہ میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 119 فلسطینی شہید ہوگئے۔ سب سے زیادہ 22 لوگوں کی ہلاکتیں غزہ کے ایک اسکول پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ہوئیں، جہاں درجنوں بے گھر فلسطینی خاندانوں نے پناہ لے رکھی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے مشرقی حصے میں واقع الزیتون اسکول میں درجنوں بے گھر فلسطینی خاندانوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف مقامات پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 119 فلسطینی شہید اور 209 زخمی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کو پیجرز دھماکوں کا انجام بھگتنا پڑے گا، حسن نصر اللہ
خیال رہے 7اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی جنگ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 41 ہزار 391 ہوگئی جبکہ 95 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید ہونے والوں میں سب سے زیادہ بچے اور خواتین ہیں۔
دوسری جانب لبنان سے اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا گیا جس میں اسرائیل کے اندر اہم مقامات کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کے اب تک استعمال نہ کیے جانے والے راکٹوں نے سرحد سے اندر 50 کلومیٹر تک علاقے میں اہداف کو نشانہ بنایا، ساحلی شہر حیفا اور رمات ڈیوڈ ایئربیس بھی حزب اللہ کے راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لبنان: اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر سمیت 13افراد ہلاک، 60 سے زائد زخمی
اسرائیلی میڈیا کے مطابق لبنان سے ہونے والے راکٹوں کے حملے کے باعث 74 مقبوضہ بستیوں میں سائرن بجنے لگے، اسرائیلی دفاعی نظام کئی راکٹس نہ روک سکا۔
تاہم، اسرائیل نے لبنان میں حملوں کا دائرہ کئی شہروں تک پھیلا دیا ہے اور حزب اللہ کے 400 لانچرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔