بنگلہ دیش کے سابق کپتان شکیب الحسن نے مارچ 2025 تک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔
عوامی لیگ کے رہنما و رکن اسمبلی اور آل راؤنڈر کرکٹر شکیب الحسن پر ڈھاکہ میں ماہ اگست کے دوران گارمنٹس فیکٹری کے ایک ملازم کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ اس مقدمے میں نامزد 155 افراد میں سے ایک شکیب ہیں جو 22 اگست کو ڈھاکہ کے ادابور پولیس اسٹیشن میں مقتول کے والد کی مدعیت میں درج کرایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: قتل کا الزام: کیا شکیب الحسن جنوبی افریقہ سے ہوم سیریز کھیلنے اپنے وطن جاسکیں گے؟
37 سالہ شکیب الحسن ان مظاہروں کے نتیجے میں حسینہ واجد کی حکومت ختم ہونے کے بعد سے اب تک وطن واپس نہیں آئے ہیں۔ شکیب الحسن نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، تاہم بنگلہ دیش کے موجودہ سیاسی حالات میں ان کی وطن واپسی کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
کانپور میں بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ قبل انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’میں نے اپنے فیصلے کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ (بی چی بی) اور سلیکٹرز بورڈ کو آگاہ کردیا ہے جنہوں نے میری بات سے اتفاق کیا، وہ ہر چیز کو منظم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ میں بنگلہ دیش واپس جا کر میرپور میں 2 ٹیسٹ میچ کھیل سکوں اور وہاں اپنا ٹیسٹ کیریئر ختم کرسکوں، اگر ایسا نہیں ہوا تو شاید یہ میرا آخری پروگرام ہو۔‘
یہ بھی پڑھیں: آل راؤنڈر شکیب الحسن قتل کے مقدمے میں بنگلا دیش طلب؟
سربراہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ آپریشنز شہریار نفیس کا کہنا ہے کہ ہوم سیریز کھیلنے پر شکیب الحسن کو کوئی مشکل درپیش نہیں ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بھی واضح پیغام ہے کہ کسی کو غیر منصفانہ طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اکتوبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کر رہی ہے۔ پہلا ٹیسٹ 21 اکتوبر اور دوسرا 29 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ دوسری جانب، جنوبی افریقہ کی ٹیم اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا گزشتہ ماہ حکومت کی تبدیلی کے بعد بنگلہ دیش میچز کے لیے محفوظ ہے یا نہیں۔
شکیب الحسن جون میں ورلڈ کپ کے بعد اپنے ٹی20 کیریئر کے بارے میں پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں۔ شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ وہ فروری میں پاکستان میں اپنے آخری 50 اوورز کے میچز چیمپئنز ٹرافی میں کھیلیں گے۔ شکیب الحسن ریٹائرمنٹ سے قبل 8 ون ڈے میچزکھیلیں گے اور چیمپئنز ٹرافی ان کی آخری سیریز ہوگی۔