پاک، انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع، کون سی گیلری کا ٹکٹ کتنے میں ملے گا؟

پیر 30 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا اعلان کردیا ہے، مفت ٹکٹوں کی پیشکش کے علاوہ 50 روپے، 100 روپے اور 200 روپے اور زیادہ سے زیادہ 2500 روپے میں ٹکٹوں کا اعلان کیا ہے جو دن، ٹیسٹ میچ، وینیو اور انکلوژر پر منحصر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کرکٹ بورڈ کا انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان

بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آن لائن فروخت پیر 30 ستمبر شام 5 بجے شروع ہوگی۔ دو طرفہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023-25 کا حصہ ہے جس کا پہلا اور دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 19 اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم (ایم سی ایس) میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچوں سے ایک روز قبل میچ کے مقامات کے باہر باکس آفس بھی فعال ہوجائیں گے۔

شائقین کو بڑی تعداد میں آنے کی ترغیب دینے کے لیے ملتان میں ہونے والے دونوں ٹیسٹ میچوں کے افتتاحی روز جنرل انکلوژرز (حنیف محمد اور مشتاق احمد) کا داخلی دروازہ سے مفت ٹکٹ حاصل کیے جا سکیں گے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز بھی پریمیم انکلوژرز (میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) میں بھی داخلہ مفت ہوگا۔

مزید پڑھیں:انگلینڈ کرکٹ ٹیم 2 اکتوبر کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعہ لندن سے براستہ دوبئی ملتان پہنچے گی

پہلے ٹیسٹ کے لیے منگل سے جمعرات (دوسرے، تیسرے اور چوتھے روز) جنرل انکلوژر کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ شائقین حنیف محمد اور مشتاق احمد انکلوژرز کے ٹکٹ پانچویں اور آخری روز 100 روپے میں خرید سکتے ہیں۔

فرسٹ کلاس انکلوژرز (وسیم اکرم اور الٰہی برادرز) کے ٹکٹ پہلے ٹیسٹ کے 4 دن کے ٹکٹ 100 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ پانچویں روز میچ دیکھنے والے شائقین کے لیے ٹکٹ 200 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

پریمیم انکلوژرز (جاوید میانداد اور ظہیر عباس) کے ٹکٹ پیر سے جمعرات (پہلے، دوسرے، تیسرے اور چوتھے دن) تک 200 روپے میں ہی دستیاب ہوں گے جبکہ شائقین اسی انکلوژرز سے 5 ویں دن کا کھیل 300 روپے میں دیکھ سکیں گے۔

مزید پڑھیں:پاک-انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: دوسرا میچ کراچی کے بجائے ملتان میں کھیلا جائے گا

وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود اور عمران خان) اور پی سی بی گیلری (انضمام الحق) کے ٹکٹ پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے 4 دنوں کے لیے بالترتیب 300 اور 2000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ 5 ویں روز وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ 400 روپے اور پی سی بی گیلری (انضمام الحق انکلوژر) کے ٹکٹ 2500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ پی سی بی گیلری ٹکٹ میں دوپہر کا کھانا بھی شامل ہے۔

ملتان اسٹیڈیم میں 15 سے 19 اکتوبر تک کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بدھ اور جمعرات (دوسرے اور تیسرے دن) کے جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ چوتھے اور 5 ویں دن کے میچ کے لیے جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 100 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

فرسٹ کلاس اور پریمیم انکلوژرز کے لیے شائقین ٹیسٹ میچ کے پہلے 3 دنوں کے ٹکٹ بالترتیب 100 اور 200 روپے میں خرید سکتے ہیں۔ چوتھے اور 5 ویں روز کے کھیل کے لیے فرسٹ کلاس اور پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ بالترتیب 200 روپے اور 300 روپے میں ہی دستیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کے خلاف کھلاڑیوں کو کم بیک کرنا اور بنگلہ دیش سیریز کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، شان مسعود

وی آئی پی انکلوژرز اور پی سی بی گیلری سے کھیل دیکھنے کے خواہشمند شائقین ٹیسٹ کے پہلے 3 دنوں کے ٹکٹ بالترتیب 300 اور 2000 روپے میں حاصل کرسکتے ہیں جبکہ دونوں مقامات کے لیے جمعہ اور ہفتہ (چوتھے اور پانچویں دن) کے ٹکٹ بالترتیب 400 اور 2500 روپے میں ہی دستیاب ہوں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پریمیم انکلوژرز (میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) میں داخلہ مفت ہوگا۔

دوسرے روز کے کھیل میں بھی پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ 200 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ تیسرے ٹیسٹ کے بقیہ دنوں کے لیے پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ شائقین کے لیے 300 روپے میں دستیاب ہوں گے، وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان اور جاوید میانداد) کے ٹکٹ پہلے 2 دن کے لیے 400 روپے اور بقیہ دنوں کے لیے 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

پی سی بی گیلری کی نشستیں جس میں لنچ بھی شامل ہے، جمعرات اور جمعہ (پہلے اور دوسرے دن) کو کھیل کے لیے 2 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی جبکہ ٹیسٹ میچ کے بقیہ دنوں میں شائقین گیلری ٹکٹ 2500 روپے میں خرید سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp