وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو پشاور ہائیکورٹ نے 2مقدمات میں 25اکتوبر تک راہداری ضمانت دے دی۔ تاہم، عدالت نے حکم دیا ہے کہ مقرر کردہ تاریخ پر متعلقہ عدالتوں میں پیشی ممکن بنائی جائے۔ ضمانت ملنے کے بعد علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ڈی چوک ہماری منزل ہے، جب تک عمران خان کا حکم ہے، آگے جاتے جائیں گے۔
ڈی چوک ہماری منزل ہے، وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا راہداری ضمانت کے بعد پیغام pic.twitter.com/EyjD9u9IN8
— WE News (@WENewsPk) October 4, 2024
پشاور ہائیکورٹ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم نے درخواست پر سماعت کی۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش ہوئے۔
مزید پڑھیں: کوئی احتجاج ملتوی کرنے کے لیے رابطہ نہ کرے، ہم ہر صورت ڈی چوک جائیں گے، علی امین گنڈاپور کا اعلان
پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت منظور کرلی، عدالت نے 2مقدمات میں 25 اکتوبر تک راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست گزار کو 25 اکتوبر تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آج ہی راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، اور آج کی سماعت کرنے کی استدعا کی تھی۔
درخواست کے متن میں کہا گیا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ درخواست گزار صوبے کے وزیر اعلیٰ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب پولیس کو خبردار کرتا ہوں، اگر دوبارہ روکا تو بھرپور جواب دیں گے، علی امین گنڈاپور
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں، لیکن انہیں گرفتاری کا خدشہ ہے۔ راہداری ضمانت دی جائے تاکہ عدالتوں میں پیش ہو سکیں۔