وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف سے ریئر ایڈمرل اظہر محمود کی سربراہی میں پاکستان نیول وار کالج کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران وزیراعلیٰ نے سی ایم انیشی ایٹو کے بارے میں خود بریفننگ دی۔
بدھ کو ملاقات کے لیے آنے والے 118 رکنی وفد میں پاکستان نیوی کے علاوہ 16 دوست ممالک کے افسران بھی شامل تھے۔
وزیر اعلیٰ نے تما م پروجیکٹ اور پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مثبت تبدیلیاں لانا چاہتی ہے اور خوشحال پنجاب اس کی منزل ہے۔
آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام
مریم نواز نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں آرٹیفشل انٹیلیجنس یونیورسٹی کا آغاز جلد کررہے ہیں اور لاہور میں کوالٹی ہائر ایجوکیشن کے لیے محمد نوازشریف آئی ٹی سٹی کا پروجیکٹ چند ماہ میں شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایگریکلچرل میکینائزیشن کاشتکاروں کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ اسکیموں میں لاکھوں کاشتکاروں کا اپلائی کرنا حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان کر دیا
انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹر، کسان کارڈ، لائیو اسٹاک کارڈ، ٹیوب ویل کی سولرائزیشن سے کاشتکاروں کی ترقی یقینی بنارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو لوکل اور فارن انویسٹر ز کے لیے سیف ہب بنارہے ہیں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے سرخ فیتہ کلچر بھی ختم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صنفی مساوات پر یقینی رکھتی ہیں اور پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ ترین بنانا چاہتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آؤٹ آف اسکول بچوں کے لیے ریفارمز شروع کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے چیف منسٹر اسکول میل پروگرام شروع کیا گیا اور نیوٹریشن پروگرام کی وجہ سے انرولمنٹ بھی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فراط زر کا 38 فیصد سے 6.9 پر آنا عوام کے لیے خوشی کی نوید ہے اور پاکستان کی معیشت میں بہتری کے اثار تیزی سے نمایاں ہورہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جھینگے کی فارمنگ کے ذریعے لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی استعمال میں لارہے ہیں جبکہ ٹورازم پر بھی حکومت کی خاص توجہ ہے جس کے لیے راولپنڈی تا مری گلاس ٹرین بھی چلائی جائیں گی۔
’ملک کا پہلا آٹیزم اسول بھی قائم کیا جا رہا ہے‘
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرکاری سطح کا پہلا آٹیزم اسکول اور کینسر اسپتال بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پرعلاج کی سہولت مہیا کرنے کے لیے کلینک آن ویلز اور فیلڈ اسپتال کا پروجیکٹ شروع کیا اور پاکستان کی پہلی ائیر ایمبولینس کا آغاز کرنے پر بھی ہمیں فخر ہے کیوں کہ اس سے نازک حالت میں مریض بہت کم وقت میں اسپتال پہنچ سکتے ہیں۔
پاک نیول وار کالج کا معیار دنیا بھر میں کسی تعارف کا محتاج نہیں
انہوں نے کہا کہ پاک نیول وار کالج کے معیار کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جانا قابل فخر ہے اور ہم پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک نیوی کے کردار کو سراہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارنہ خدمات کو خراج تحسین کرتے ہوئے میری ٹائم کی ترقی اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج میں ملکی اور غیر ملکی افسران کو دی جانے والی عسکری پیشہ وارنہ تربیت کو بھی سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم اپنے تمام مہمانوں خاص طور پر غیر ملکی افسران کا لاہور میں خیر مقدم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین، سعودیہ عرب، ترکی، یو اے ای، بنگلادیش، عمان، عراق، فلسطین، یمن اور جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک کے افسران کو یہاں دیکھ کر بے حدخوشی ہوئی۔
ہمت کارڈ کا اجرا
انہوں نے کہا کہ کمزور طبقوں کی مالی معاونت کے لیے ہمت کارڈ شروع کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیے: عوامی فلاح کے منصوبوں میں پنجاب سب صوبوں پر بازی لے گیا
انہوں نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت لوگوں کو قرضے دیے جا رہے۔
700 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر لا رہے ہیں
مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں روڈز کی بحالی اور تعمیرو مرمت چند ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر کیا اب 700 الیکٹرک بسیں لارہے ہیں۔
اشیائے خورونوش کے نرخ مانیٹر ہو رہے ہیں
مریم نوازشریف نے کہا کہ ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام اشیائے خورونوش کے نرخ کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
طلبہ کے لیے اسکالرشپس و دیگر سہولیات
طلبہ کے لیے اسکالر شپس، لیپ ٹاپ، ای بائیکس، آئی ٹی اسکلز پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی ترقی پر فخر کررہا ہے اور سعودی ٹیکنالوجیکل ٹرانسفارمیشن متاثر کن ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقعے پر سعودی عرب، یمن، نائیجریاسمیت دیگر ممالک کے نیول افسران کے سوالا ت کے جواب بھی دیے۔
پلاسٹک فری پنجاب پر کام جاری ہے، مریم اورنگزیب
اس موقعے پر پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پلاسٹک فری پنجاب کے ویژن پر کام جاری ہے اور آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: اپنا گھر، اپنی چھت منصوبے کا افتتاح، تعمیر کے لیے کتنا قرضہ ملے گا؟
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اینٹوں کے تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا ہے اور ماحول کو عوام دوست بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
اس ملاقات کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکریٹری،ڈپٹی کمانڈنٹ کموڈور احسان احمد خان، پرنسپل سیکریٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔