پاکستان کے نوجوان کرکٹر رضا اللہ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے ڈیبیو پر پاکستان کی جانب سے تیز ترین ٹیسٹ نصف سینچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
ایجبسٹن میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز رضا اللہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے جوفرا آرچر کی گیند پر شاندار چھکا لگا کر 50 رنز مکمل کیے۔
یہ بھی پڑھیں: گلی محلے کی ٹیپ بال سے ٹیسٹ ڈیبیو تک، فاسٹ باؤلر رضا اللہ نے کامیابی کی کہانی سنا دی
رضا اللہ کی اننگز میں مجموعی طور پر 9 چھکے شامل رہے اور انہوں نے 81 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ نے پاکستان کو دوسری اننگز میں 449 رنز تک پہنچانے میں مدد دی۔
رضا اللہ نے محمد عباس کے ساتھ 116 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے مشکلات سے نکل کر انگلینڈ کے خلاف نمایاں برتری حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے 3 کھلاڑیوں کے ڈیبیو کا امکان
رضا اللہ اس سے قبل اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر گیند بازی میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں اور انگلینڈ کے اہم بلے باز جو روٹ کو آؤٹ کرکے اپنی آمد کا شاندار انداز میں اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
یوں رضا اللہ نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں گیند اور بلے دونوں سے متاثر کن کارکردگی دکھا کر پاکستان کرکٹ میں یادگار ڈیبیو رقم کردیا۔
اس سے قبل پاکستان کے راشد خان نے 1982 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 59 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
4 دہائیوں سے زائد عرصے بعد رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو پر نصف سینچری بنا کر اس خصوصی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔
رضا اللہ کے لیے یہ ایک اہم سنگ میل ہے اور پاکستان کی طویل ٹیسٹ تاریخ میں ایک اور دلچسپ اضافہ ہے۔














