کیا اسلام آباد میں کیا گیا چراغاں کانفرنس کے بعد بجھا دیا جائے گا؟

منگل 15 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو ’شنگھائی تعاون تنظیم‘ کا سربراہی اجلاس منعقد ہونا ہے۔ اس اجلاس میں 7 ممالک کے وزرائے اعظم، بھارتی وزیر خارجہ اور مختلف ممالک کے سربراہان نے شریک ہیں۔ کانفرنس سے قبل وفاقی دارالحکومت کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ شہر کو برقی قمقموں اور دیگر آرائشی اشیا سے سجایا گیا ہے۔ سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے اور ہر چوک چوراہے سمیت پورے شہر کو ایسا سجایا گیا ہے کہ جیسے کوئی بڑا میلہ ہونے لگا ہے۔

شہر بھر کو سجا ہوا دیکھ کر اور جگہ جگہ مختلف لائٹس کو دیکھ کر ہر شہری کے ذہن میں ایک سوال آ رہا ہے کہ کیا یہ لائٹس مستقل طور پر لگائی گئی ہیں، یا کانفرنس کے بعد ان لائٹس کو اتار دیا جائے گا؟

مزید پڑھیں:آج اسلام آباد میں ایس سی او سربراہی اجلاس کا آغاز، اہم تنظیمی فیصلےمتوقع

ایس سی او کانفرنس کے موقع پر اسلام آباد کی تزئین و آرائش کا کام سی ڈی اے نے کیا ہے۔ سی ڈی اے نے شہر کی شاہراہوں اور شاہراہ دستور پر واقع بڑی عمارتوں پر چراغاں کرنے اور لائٹس لگانے کا ٹھیکا رشید لائٹس اور کمپنی کو دیا ہے، اس کمپنی کے مالک اویس رشید نے وی نیوز کو بتایا ہے کہ ایس سی او کانفرنس کے موقع پر شہر بھر میں چراغاں کیا گیا ہے، مختلف خوبصورت مجسمہ لگائے گئے ہیں، گرین بیلٹ پر مختلف ایس ایم ڈیز اور چھوٹی اسکرین لگائی گئی ہیں، جہاں مہمانوں کے لیے پیغامات اور پاکستان کا ان سے محبت کا اظہار کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:ایس سی او اجلاس کے موقع پر کوئی احتجاج نہیں ہوسکتا، وزارت داخلہ نے احکامات جاری کردیے

اویس رشید نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس اور پارلیمنٹ سمیت مختلف بڑی عمارتوں کو سبز لائٹس سے روشن کیا گیا ہے، اس کے علاؤہ اسلام آباد ایکسپریس وے، سرینگر ہائی وے، سیرینا چوک، شاہراہ دستور کے درمیان والی گرین بیلٹ پر لائٹس لگائی گئی ہیں۔ لائٹنگ کے لیے تاریں وغیرہ کمپنی نے ہی لگائی ہیں۔ کمپنی نے سی ڈی اے سے قریباً 40 کروڑ روپے وصول کرنے ہیں۔ یعنی شہر بھر میں جو چراغاں کیا ہے وہ 40 کروڑ روپے خرچ پر کیا گیا ہے۔

کیا یہ لائٹس بعد میں بھی لگی رہیں گی، اس حوالے سے اویس رشید نے کہا کہ یہ تمام ڈیکوریشن اور لائٹس ہم نے سی ڈی اے کی ہدایت پر 16 اکتوبر کی رات تک کے لیے لگائی ہیں، بدھ کی رات سے یہ لائٹس اور ایس ایم ڈیز کو اتار دیا جائے گا، جس کے بعد شاہراہوں پر جو اضافی لائٹس لگی ہیں وہ تمام بجھ جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp