پی ٹی آئی مجوزہ آئینی ترمیم پر تجاویز دینے میں ناکام رہی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

منگل 15 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ  نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) آئینی ترامیم پراپنی تجاویز دینے میں ناکام رہی ہے، آئینی ترمیم کے ناقدین یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ یہ کسی انسانی حقوق، مفاد عامہ یا عدالتی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئینی ترمیم: وفاقی کابینہ، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب، خصوصی کمیٹی میٹنگ کا وقت بھی تبدیل

 منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مجوزہ آئینی ترمیم سے متعلق خصوصی کمیٹی کے 7 اجلاس ہونے کے باوجود کوئی تجویز پیش نہ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ٹویٹ میں اعظم نذیرو تارڑ نے لکھا کہ ترمیم کی مخالفت کرنے والے کسی بھی ایسی شق کی نشاندہی کرنے میں ناکام رہے ہیں جو بنیادی انسانی حقوق، مفاد عامہ، آئین کی روح یا عدالتی آزادی کو نقصان پہنچاتی ہو۔

مزید پڑھیں:آئینی ترمیم پر مشاورت، مولانا فضل الرحمان کی کل نواز شریف سے ملاقات طے

انہوں نے مزید لکھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے معاملے کو صرف جانبدارانہ سیاست کی عینک سے دیکھا جا رہا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے خصوصی کمیٹی کے 7 اجلاس ہونے کے باوجود ایک بھی تجویز یا سفارش پیش نہیں کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مجوزہ آئینی ترمیم، مولانا فضل الرحمان کی بلاول بھٹو سے اہم ملاقات

انہوں نے مزید لکھا کہ کچھ لوگ ہزاروں قیدیوں کی مشکلات کو کم کرنے اور جمہوری پارلیمانی نظام میں پارلیمنٹ کی جائز حیثیت کو بحال کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مجوزہ آئینی ترمیم پاس کرانے کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 17 اکتوبر کو بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جبکہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی اسی روز طلب کرلیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو بلانے کے لیے سمری صدر مملکت آصف زرداری کو ارسال کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں مجوزہ آئینی ترمیم کا ساتھ دینے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، وکلا کنونشن میں جوڈیشل پیکج کے خلاف قرارداد منظور

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو شام 4 بجے بلانے کی سمری بھجوائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے ایوان بالا (سینیٹ) کا اجلاس بھی 17 اکتوبر کو شام 5 بجے بلانے کے لیے سمری صدر مملکت کو ارسال کی ہے۔

دوسری جانب پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کا دن بھی تبدیل کردیا گیا ہے، اور اب یہ اجلاس 17 اکتوبر کے بجائے 16 اکتوبر کو چیئرمین کمیٹی سیّد خورشید شاہ کی صدارت میں ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت نے عدلیہ میں اصلاحات کے لیے آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم پی ٹی آئی اس کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp