اختر مینگل نے زبردستی پریس کانفرنس کروائی، بی این پی سینیٹر قاسم رونجھو کا یوٹرن

منگل 22 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیٹر قاسم رونجھو نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ذبردستی ان سے پریس کانفرنس کروائی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سینیٹر قاسم رونجھو نے کہا کہ آج پارٹی کے سربراہ اختر مینگل، ان کے کارکنان اور کچھ ایم پی ایز نے سینیٹ میں لے جا کے مجھ سے ایک پریس کانفرس کروائی، اس میں زبردستی الفاظ بلوائے گئے جو لکھ کردیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیم منظور کرانے کے لیے ہمارے 2 لوگوں کو اٹھایا گیا، اختر مینگل

قاسم رونجھو نے کہا ’مجھے اٹھایا گیا، یہ سارے مچھر کی کہانی مجھے لکھ کردی گئی تھی، وہ میں پڑ رہا تھا، یہ مکمل جھوٹ تھا، میں 15 دن سے گھر پر موجود تھا، پریس کانفرنس میں جو باتیں کہیں اس میں کوئی صداقت نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس میں کہی باتوں کی بھرپور تردید کرتا ہوں اور میڈیا سے گزارش کرتا ہوں کہ اس کو صحیح کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سینیٹر قاسم رونجھو نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ انہوں نے سینیٹ میں اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے، بے حس لوگوں کے ساتھ بیٹھنا اپنی سمجھ سے باہر سمجھا تو میں نے استعفیٰ دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: میرے والد کو استعفے کے لیے زبردستی سینیٹ لایا گیا، بیرسٹر جہانزیب رونجھو

انہوں نے کہا کہ تھا کہ کچھ زور آور لوگ تھے جو بھی تھے، جہاں سے بھی آئے تھے، انہوں نے 6، 7 دن مجھے مہمان بنائے رکھا، وہ ڈائلیسز کے مریض ہیں، مہمان نوازی کے دوران بھی مجھے 2 مرتبہ اسپتال لے جایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد مچھروں کے اندر رہتے ہوئے ملیریا ہوگیا اور پھر مجھے اسپتال لے جایا گیا، تو یہ سلسلے انہوں نے کیے، ان کا اخلاق بہرحال اچھا تھا۔

اس سے قبل بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی پارٹی کے سینیٹر قاسم رونجھو سینیٹ کے اجلاس میں اپنی آب بیتی سنانا چاہ رہے تھے، حکومت نے شرم کے باعث کورم توڑا۔

دوسری طرف قاسم رونجھو کے بیٹے بیرسٹر جہانزیب رونجھو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ’میرے والد کو استعفے کے لیے زبردستی سینیٹ لایا گیا، میرے والد پہلے ہی استعفیٰ دے چکے تھے، طویل عرصے سے پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والے کارکن کے ساتھ ایسا سلوک کرنے کی پارٹی قیادت سے توقع نہیں تھی۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp