بڑھتی ہوئی اسموگ، لاہور میں اسکول کے اوقات میں تبدیلی، نئی ہدایات میں مزید کیا ہے؟

بدھ 23 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث اسکولوں کے اوقات کار میں 3 ماہ کے لیے تبدیلی کردی گئی ہے، اس ضمن میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر بھر میں اسکول صبح 8 بجکر 45 منٹ پر کھلیں گے۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی جانب سے متعلقہ اداروں کو فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر ضروری اقدامات کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں اسکولوں کے  کھلنے کا نیا وقت 28 اکتوبر تا 31 جنوری 2025 تک کارآمد رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے ایک بار پھر مصنوعی بارش کی تیاریاں

نوٹیفکیشن کے مطابق اسکولوں کے طلبا کی تمام آؤٹ ڈور غیرنصابی سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بچوں کی اسمبلی بھی کلاس روم میں منعقد کرنے کا کہنا گیا ہے، لاہور میں 31 جنوری 2025 تک ہر قسم کی آتشبازی پر بھی سخت پابندی ہوگی۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اسموگ میں کمی کے لیے تمام شہریوں سے حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہر قسم کے دھوئیں کی فوری اطلاع 1373 پر دی جائے  تاکہ محکمہ تحٖفظ ماحول فوری کارروائی کرے گا۔

مزید پڑھیں:پنجاب حکومت نے موسمیاتی تبدیلی ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی

مریم اورنگزیب نے اپیل کی کہ شہری اپنی گاڑیوں کی فوری فٹنس کروائیں تاکہ اسموگ میں مزید اضافہ کا باعث نہ بن سکیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام اسموگ سے بچنے کے لیے ماسک اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گھروں کی کھڑکیاں، دروازے بند رکھیں اور زیادہ دیر کھلی جگہوں پر نہ رہیں۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں اسموگ کا باعث بننے والے بھٹے بنا نوٹس دیے ڈھانے کا حکم

واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ اسکول ایجوکیشن نے موسم سرما کے لیے سرکاری اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرتے ہوئے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسکولوں میں تعلیم کا آغاز صبح 8بج کر 45منٹ پر ہوگا، چھٹی 2 بج کر 45منٹ پر ہوا کرے گی جبکہ جمعہ کے روز چھٹی دوپہر پونے ایک بجے ہوگی۔

اسی طرح ڈبل شفٹ اسکولوں میں پہلی شفٹ کی روزانہ 12 بج کر 45منٹ پر چھٹی ہوا کرے گی، اسی طرح پنجاب بھر میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp