ریاض: مستقبل کی سرمایہ کاری کانفرنس، 28 ارب ڈالر کے معاہدوں کی توقع

پیر 28 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی دارالحکومت ریاض میں منگل سے مستقبل کی سرمایہ کاری (Future Investment Initiative)  کانفرنس کا 8واں ایڈیشن شروع ہو رہا ہے جس میں 28 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدوں کے طے پانے کی توقع ہے۔

یہ کانفرنس 29 سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گی جس میں دنیا بھر سے مالیاتی، کاروباری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس میں شرکت، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کا اعلان

کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے درمیان فوجی تصادم کے بڑھتے ہوئے امکانات اور غزہ و لبنان میں جاری کشیدگیوں نے خطے کو کئی دہائیوں کی بلند ترین سیاسی تناؤ کی سطح پر پہنچا دیا ہے۔

اس سمٹ میں شریک افراد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اقتصادی وژن (وژن 2030) سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں۔ کانفرنس میں عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان، جیسے ’گولڈمین ساکس‘ کے ڈیوڈ سولومون، ’سٹی گروپ‘ کی جین فریزر، اور ’بلیک راک‘ کے لیری فنک کی شرکت بھی متوقع ہے۔

کانفرنس میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس موقع پر ’الفابیٹ‘ کی صدر روتھ پورات اور ’ٹک ٹاک‘ کے سی ای او شو چو پہلی مرتبہ خطاب کریں گے جبکہ ’اینڈریسن ہورووٹز‘ کے شریک بانی بنجامین ہورووٹز بھی کانفرنس کا حصہ ہوں گے۔

گزشتہ برسوں میں ’وال اسٹریٹ‘ اور ’سلیکون ویلی‘ کی کمپنیوں نے مشرق وسطیٰ کا رخ تیزی سے بڑھایا ہے کیونکہ دنیا کے دیگر خطوں، بالخصوص چین، میں نقدی کی فراہمی میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

مزید پڑھیے: سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سرمایہ کاری کو سراہتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ، جس کے اثاثوں کا حجم تقریباً ایک ٹریلین ڈالر ہے، کا مقصد ملکی معیشت کو مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے بجائے مقامی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

کانفرنس کے منتظمین کے مطابق، گزشتہ 7 ایڈیشنز میں 128 ارب ڈالر کے معاہدے طے پائے اور اس سال 28 ارب ڈالر کے مزید معاہدے متوقع ہیں۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کی وادی لجب: قدرت کا حیرت انگیز شاہکار

پاکستان کے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف بھی اس کانفرنس میں شریک ہوں گے جہاں وہ سعودی قیادت اور عالمی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp