سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سرمایہ کاری کو سراہتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، زراعت، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہیں، وہ وقت قریب ہے جب ہم کمپنیوں کی سطح پر معاہدے کریں گے۔

سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ سعودی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرنے والے ملکوں میں شامل ہے، زراعت، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں سعودی عرب ترقی کررہا ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سعودی عرب کو جدید بنانے کے لے پالیسیوں کا معترف ہوں۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ ان کی فراخدلی کو سراہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کی ہر سطح پر مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سعودی عرب ملازمت کے مواقع کے لیے اہم ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر آپ وقت کے ساتھ تبدیل نہیں ہوتے تو وقت آپ کا انتظار نہیں کرتا۔ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کے لیے اہم خدمات انجام دے رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp