وفاقی وزیر داخلہ نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی شناخت اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس سلسلے میں نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی جلد از جلد نشاندہی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی لندن آمد پر پی ٹی آئی کا شدید احتجاج، گو قاضی گو کے نعرے
انہوں نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ بھی منسوخ کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حملہ آوروں کی شہریت منسوخی کا معاملہ منظوری کے لیے کابینہ بھیجا جائے گا، کسی کو بھی اس طرح کے حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ہم اس واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: قاضی فائز عیسیٰ کو تاریخ کیسے یاد رکھے گی؟
واضح رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شامل کرلیا گیا ہے اور اس سلسلے میں 29 اکتوبر کو ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تاہم، سابق چیف جسٹس کی لندن آمد پر پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا اور گو قاضی گو کے نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین میں پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور ملیکہ بخاری بھی شریک تھیں۔
PTI protest outside Middle Temple against the former chief justice of Pakistan (CJP) Qazi Faez Isa, who is invited to a dinner by The Honourable Society of the Middle Temple. Isa has been elected as a bencher at the Middle Temple, a prestigious legal institution in the United… pic.twitter.com/CpTpV84CD7
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) October 30, 2024
پاکستان تحریک انصاف برطانیہ نے اس تقریب کے موقع پر مڈل ٹیمپل کے باہر احتجاج کیا جبکہ پارٹی کے کارکنان نے مڈل ٹیمپل انتظامیہ کو سابق چیف جسٹس کے خلاف ای میلز لکھنے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔
سپریم کورٹ میں سابق چیف جسٹس کے چیمبر کے مطابق قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کی پہلی شخصیت ہیں جنہیں مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب کیا گیا ہے۔