سوشل میڈیا پر ایک خاتون کی طلاق کا جشن منانے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے خاتون کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ طلاق کا جشن منانا شادی کے تقدس کی توہین ہے۔
سوشل میڈیا پر طلاق کے جشن کی ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا پر شادی کے بندھن اور طلاق کے حوالے سے بحث بھی چھڑ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام ‘ اور ’فیس بک‘ پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ’نیوی بلیو رنگ ‘کے لباس میں ملبوس خاتون دوستوں کی موجودگی میں ’ہیپی طلاق‘ کا لیبل لگا کر کیک کاٹ رہی ہیں۔ ویڈیو میں خاتون قینچی سے ایک دوپٹے پر لکھے گئے شادی کے الفاظ کو بھی کاٹ رہی ہیں جبکہ اپنی سابق شوہر کے ساتھ تصاویر کو بھی پھاڑ رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر طلاق کے اس انوکھے جشن کو بہت سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس جشن کو شادی کے تقدس کی توہین قرار دے رہے ہیں۔ ان کا استدلال ہے کہ شادی کو ختم کرنا اگرچہ تکلیف دہ عمل ہے، اسے ٹرینڈ یا فیشن کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘اگر یہ غلط رشتہ بھی تھا تو طلاق کا جشن منانا شادی کے تقدس کی توہین ہے‘۔
ایک اور شخص نے تبصرہ کیا کہ ’طلاق مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے ایک تکلیف دہ تجربہ ہے اور اس کی مذمت کی جانی چاہیے، نہ کہ جشن منایا جانا چاہیے‘۔
شادی یا طلاق جیسے ذاتی فعل کو عوامی تقریبات میں تبدیل کرنے کا رجحان زیادہ عام ہو گیا ہے اور اس طرح کی ویڈیوز روایتی رشتوں کے بارے میں رویوں کو تبدیل کرنے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔