وی پی این کا استعمال غیرشرعی، بند کرنا حکومت کا اختیار ہے، اسلامی نظریاتی کونسل

جمعہ 15 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلامی نظریاتی کونسل نے وی پی این کا استعمال غیرشرعی و ناجائز قراردے دیا ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرراغب نعیمی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ یا کسی سافٹ وئیر(وی پی این وغیرہ) کا استعمال،جس سے غیر اخلاقی یا غیر قانونی امور تک رسائی مقصود ہوشرعا ممنوع  اور ناجائز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا عام پاکستانی کو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی رسائی کے لیے وی پی این رجسٹریشن کروانی ہوگی؟

ڈاکٹرراغب نعیمی کا کہنا ہے کہ شرعی لحاظ سے حکومت کے پاس اختیارہے کہ وہ برائی اور برائی تک پہنچانے والے تمام اقدامات کے خلاف نمٹے، حکومت کو چاہیے کہ وہ متنازعہ، گستاخانہ اورملکی سالمیت کے خلاف استعمال ہونے والی ایپس کو فوری بند کرے۔

Statement – Islamic Ideology Council (1) by nisar.khan74 on Scribd

انہوں نے کہا ہے کہ وی پی این کا استعمال اس نیت سے کہ غیر قانونی مواد یا بلاک شدہ ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی جائے، شرعی لحاظ سے ناجائز ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ شریعت کے اصولوں کے مطابق کسی بھی عمل کے جواز یا عدم جواز کا دارومدار اس کے مقصد اور طریقے پر ہے، وی پی این کے ذریعے آن لائن چوری بھی کی جاتی ہے اور چور کا سراغ بھی نہیں ملتا۔

ان کا کہنا ہے کہ وی پی این کا بلاک شدہ یا غیر قانونی مواد تک رسائی کے لیے استعمال اسلامی اور معاشرتی قانون کی خلاف ورزی ہے، وی پی این کا استعمال ’گناہ پر معاونت‘ کے زمرے میں آتا ہے جو شریعت میں ممنوع ہے، ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اپنے ملک کے آئین و قانون کی پاسداری کرے بشرطیکہ وہ اسلامی اصولوں سے متصادم نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وقت کی جانب سے معاشرتی فائدے کے پیش نظر بلاک شدہ ویب سائٹ تک رسائی اسلامی اخلاقیات کی خلاف ورزی ہے۔

 ’اسلامی نظریاتی کونسل نے 3 مئی 2023 کے اجلاس میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے حوالے سے سفارشات پیش کی تھیں، سفارشات میں پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو سوشل میڈیا ویب سائٹس کی رجسٹریشن کا عمل تیز کرنے کا کہا تھا۔‘

ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کا مزید کہنا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل اجلاس میں وی پی این کو بند کرنے کے لیے بلاتاخیر اقدامات کی سفارش بھی کی گئی تھی۔

’غیر قانونی وی پی این فورا بند کیے جائیں‘

دوسری جانب وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو وی پی این بند کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی اے کو لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد وی پی این استعمال کررہے ہیں، دہشتگرد وی پی این سے بینک ٹرانزیکشن اورشر پسند کارروائی کے لیے مدد حاصل کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا حکومت غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو روک سکتی ہے؟

متن میں کہا گیا ہے کہ وی پی این استعمال کر کے دہشت گرد اپنی شناخت اور بات چیت چھپاتے ہیں، وی پی این کو فحاشی اور توہین آمیز مواد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

وزارت داخلہ نے پی ٹی آے کو خط میں درخواست کی ہے کہ مذکورہ وجوحات کی بنا پر غیر قانونی وی پی این بند کیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp