’عمران خان کی ممکنہ رہائی‘، فیصل واوڈا اور لطیف کھوسہ کا ایک دوسرے کو چیلنج

پیر 18 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما لطیف کھوسہ اور سینیئر سیاستدان فیصل واوڈا نے عمران خان کی رہائی سے متعلق ایک دوسرے کو چیلنج دے دیا۔

دونوں سیاسی رہنما نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے جہاں لطیف کھوسہ نے کہاکہ عمران خان نومبر کے مہینے میں رہا ہوجائیں گے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے فیصل واوڈا کو چیلنج دیا اور کہاکہ 24 نومبر سے قبل بھی ڈراپ سین ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں اس بار خیبرپختونخوا کے نوجوان عمران خان کو جیل سے نکالنے کا تہیہ کرچکے، بیرسٹر سیف

اس پر فیصل واوڈا نے کہاکہ میرا بھی آپ کو چیلنج ہے عمران خان نومبر میں رہا نہیں ہوسکیں گے، ہمیشہ کی طرح تحریک انصاف کا یہ شو بھی فلاپ ہوگا۔

لطیف کھوسہ نے کہاکہ 24 نومبر کو حکمران خش و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے، آپ کو اندازہ نہیں کہ اس روز کتنے لوگ نکلیں گے۔

فیصل واوڈا نے کہاکہ پی ٹی آئی اس وقت دھڑے بندی کا شکار ہے، اور ایک ایم پی اے 50 لوگ بھی لے کر آگیا تو میں اس کو سلام پیش کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ اس احتجاج میں ریاست 9 مئی کے مسنگ لوگوں کو تلاش کرے گی، اگر مراد سعید احتجاج میں آگیا تو پھر عمران خان اور فیض حمید کو کوئی بندہ بچا نہیں سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں 24 نومبر کو صرف پی ٹی آئی نہیں پورا پاکستان باہر نکلے، عمران خان کا اڈیالہ جیل سے اہم پیغام

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کی کال دے رکھی ہے، جس کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال ہمارے لیے کوئی چیلنج نہیں، ہم ان سے نمٹ لیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp