کہا گیا کہ علیحدہ گروپ بنا لیں تو وزیراعلیٰ بن جائیں گے، رہنما پی ٹی آئی عاطف خان

منگل 19 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سینیئر رہنما عاطف خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے پہلے مجھے وزیراعلیٰ بنانے کی پیشکش ہوئی تھی۔ کہا گیا تھا کہ آپ علیحدہ گروپ بنا لیں تو وزیراعلیٰ بن جائیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں عاطف خان کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کو بھی وزیراعلیٰ بنانے کی پیشکش ہوئی، حیران ہوں کہ وہ باتوں میں آ گئے اور شکر ہے کہ میں نے انکار کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترامیم سے قبل بھی عہدوں کی پیشکش ہوئی لیکن میں نے انکار کردیا، اس بار تجوریوں کے منہ کھلے تھے، بات اربوں روپے تک گئی۔ جن لوگوں نے وفاداریاں بدل کر عہدے لیے وہ اب گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔

مزید پڑھیں:عاطف خان کے الزامات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا آڈیو پیغام بھی سامنے آگیا

عاطف خان نے خیبرپختونخوا محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے ملے نوٹسز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ مجھے دیے گئے نوٹسز پارٹی میں اختلافات کے لیے ہوں۔ نوٹسز کی سمجھ نہیں آ رہی، دوست کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ کو ان کا علم نہیں تھا۔ جب وزیراعلیٰ کے پی سے ملوں گا تو ہی پتا چلے گا کہ ان کے علم میں یہ بات تھی کہ نہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ کوئی چاہتا ہو کہ ان کے تعلقات خراب ہوں اور پارٹی میں اختلافات ہوں۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن وکلا نے انہیں یہ بتایا تو وہ حیران تھے۔ انہوں نے سلمان اکرم راجا کے ذریعے پیغام پہنچایا کہ فکر نہ کریں اور پارٹی اختلافات میڈیا میں بیان نہ کریں۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سینیئر رہنما عاطف خان کا کہنا تھا کہ میں پارٹی میں کسی کے لیے بھی خطرہ نہیں۔ بانی پی ٹی آئی جس کو عہدہ دینا چاہتے ہیں تو وہی ہوگا۔

مزید پڑھیں: اینٹی کرپشن کا نوٹس بھیجنے والوں نے اپنی حیثیت دکھا دی، عاطف خان کا آڈیو پیغام میں ردعمل

24 نومبر احتجاج پر مشاورتی اجلاس میں عاطف خان اور دیگر 7 ارکان کی عدم شرکت

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت 24 نومبر کو حتمی احتجاج کی کامیابی کے لیے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے اجلاس بھی کررہی ہے جس میں ناراض اراکین اسمبلی نے ابھی تک شرکت نہیں کی۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے ہونے والے اجلاسوں میں اب تک ناراض ارکان عاطف خان، شکیل خان، جنید اکبر اور دیگر 7 ارکان نے شرکت نہیں کی۔

مزید پڑھیں: علی امین گنڈاپور کے خلاف گروپ بندی، عاطف خان نے خاموشی توڑ دی

ذرائع کا کہنا ہے کہ عاطف خان کابینہ سے شکیل خان کو نکالنے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ناراض ہیں جبکہ علی امین گنڈا پور اور عاطف خان کے گزشتہ دنوں آڈیو میسجز بھی لیک ہوئے تھے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما عاطف خان نے میڈیا سے گفتگو میں ناراضی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اجلاس میں شرکت کے لیے میسج ملا ہوگا البتہ میں نے دیکھا نہیں، میٹنگ میں جانا ضروری نہیں، احتجاج کے لیے ورکرز کو نکالنا اہم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp