پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو 8 روزہ کامیاب دورہ چین پر خراج تحسین پیش کرنے کے قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔
قرارداد استحکام پاکستانی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد جمع کرائی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ چین دونوں ممالک کی دوستی کو نئی جہتوں سے متعارف کرانے کا باعث ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف 8 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئیں
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کئی اہم معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط ہونا صوبے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی جانب اہم قدم ہے، پاور سیکٹر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ہیلتھ، اسموگ کے تدارک سمیت متعدد منصوبوں پر پیش رفت لائق تحسین ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ چین سے عوامی مفاد کے لیے کامیاب مذاکرات صوبے بھر میں ترقی کی نئی راہیں کھولنے کا باعث ہوں گے، یہ ایوان دعا گو ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں دورے کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچیں۔

شعیب صدیقی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبے کے تمام مسائل پر گہری نظر اس دورے کی کامیابی کی کلید ثابت ہوئی، چینی کمپنیوں سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے معاہدوں سے ترقی کا نیا سورج طلوع ہوگا، استحکام پاکستان پارٹی اور پنجاب حکومت عوامی مفاد، معاشی ترقی اور استحکام کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 8 روزہ دورہ چین مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔ لاہور پہنچنے پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینلز دینے کی منظوری
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی دعوت پر چین کا 8 روزہ کامیاب دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے بیجنگ میں روبوٹک زرعی آلات بنانے والے ادارے کا دورہ کیا، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے منسٹر سے ملاقات اور ظہرانے میں شرکت کی، مریم نواز نے منسٹر ماحولیات سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی کی میوزیم جنکو سولر کمپنی اور منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کے دورے کیے، مریم نواز نے شنگھائی ایکسپریمنٹل اسکول اور ہواوے ٹیکنالوجیز کا بھی دورہ کیا۔ مریم نواز شریف نے پنجاب چین انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کیا، چائنہ کی حکمران جماعت کے اعلیٰ سطح وفود سے ملاقاتیں کیں، ماحول دوست ٹرانسپورٹ، زراعت، ہیلتھ سمیت دیگر شعبوں میں چینی کمپنیوں سے ایم او یو پر دستخط ہوئے۔