وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے ہمیں برآمدات کو بڑھانا ہوگا، برآمدات میں اضافے کے سوا ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستان اور عوام کے لیے نیا سال خوشیوں کا سال ہو۔
یہ بھی پڑھیں: اڑان پاکستان پروگرام نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر کیسے مثبت اثرات ڈالے؟
انہوں نے کہا کہ کل ایک تقریب میں اڑان پاکستان کی بنیاد رکھی گئی، امید ہے کہ نئے سال کے لیے ’اڑان پاکستان‘ پروگرام پاکستان کے لیے نیک شگون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام معیشت کو مزید استحکام دے گا، دسمبر میں محصولات کا ہدف پورا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، 72 ارب کی محصولات بہترین کارکردگی کی مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی معیشت کو بلندیوں پر لے جانے کا عزم، وزیراعظم نے ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کا افتتاح کردیا
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے ہمیں برآمدات کو بڑھانا ہوگا، برآمدات میں اضافے کے سوا ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں، ہمیں گروتھ سیکٹر میں ٹیک آف کرنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری حضرات کو 89 فیصد ریلیف ملا، رواں سال کی ترسیلات زر 15 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، یہی کارکردگی رہی تو ترسیلات زر 35 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرلیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: گوادر کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ چین-پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں معیشت میں استحکام لانا ہے اور اپنی تمام تر ترجیحات کو اس طرف لگانا ہے، دھرنوں کی سیاست کرنے والوں نے معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں، 9 ماہ میں اقتصادی بہتری کی گواہی عام آدمی بھی دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے گوادر میں عالمی معیار کا ایئرپورٹ تعمیر کیا ہے، اس ایئر پورٹ کو دنیا کا بہترین کمرشل ہب اور ٹرانزٹ ایئر بنائیں گے، اس کے لیے پوری کوششیں جاری ہے، جلد اس حوالے سے آگاہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان اپنے ہاں سے پاکستان پر حملے رکوائے، دو عملی قبول نہیں، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی دوبارہ آئی ہے جس نے گزشتہ چند برسوں میں مشکلات پیدا کی ہیں، افغان عبوری حکومت نے آنے کے بعد نجانے کس زعم میں سینکڑوں لوگوں کو رہا کیا جو پاکستان آئے، یہ ایک غلط فیصلہ تھا، لیکن اس وقت ہماری مسلح افواج دہشتگردوں سے پوری طرح نبرد آزما ہیں، پاک فوج کے جوان ہر روز اپنی قربانیاں پیش کررہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف حکومت کوششیں کررہی ہے اور اسمگلرز کو گرفت میں لارہی ہے، گزشتہ چند سالوں میں کئی جانیں ضائع ہوئی ہیں، لیکن امید ہے کہ 2025 قوم کے لیے خیر و برکت کا سال ثابت ہوگا، ضرورت صرف زیادہ سے زیادہ محنت کرنے کی ہے۔