2024 میں سیاحوں کا پسندیدہ مقام اسکردو رہا، ہنزہ دوسرے نمبر پر

جمعرات 9 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کا سیاحتی سیزن 2024 میں سیاحوں کی بڑی تعداد کے باعث انتہائی متاثر کن رہا، ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے مقابلے میں 2024 میں سیاحوں کی بڑی تعداد نے سیروتفریح کی غرض سے اس جنت نظیر خطے کا رخ کیا۔

گلگت بلتستان کو سی این این کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شمار کیا گیا ہے، علاقے کی قدرتی خوبصورتی، قراقرم ہائی وے، کے ٹو، ہنزہ، اسکردو اور دیوسائی جیسے مقامات نے عالمی سیاحوں کی توجہ حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان میں واقع قدیم آثار، خطے کے شاندار ماضی کے آئینہ دار

سی این این کے مطابق، گلگت بلتستان کی ثقافت، روایتی کھانے اور مقامی مہمان نوازی بھی سیاحوں کے تجربے کو منفرد بناتے ہیں یہی وجہ ہے اپنے مجموعی تجربے کی روشنی میں سیاحوں نے اسے بہترین سیاحتی مقام قرار دیا ہے۔

سال 2023 میں گلگت بلتستان آنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 98 ہزار 820 رہی تھی، جس میں 16 ہزار 130 غیر ملکی اور 8 لاکھ 82 ہزار 690 ملکی سیاح شامل تھے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: سال 2024 میں بھی خودکشیوں کا سلسلہ جاری رہا، مردوں کی تعداد خواتین سے زیادہ

تاہم، 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 1 ملین کے قریب پہنچ گئی، اس سال کے دوران گلگت بلتستان کا رخ کرنے والے ملکی سیاحوں کی تعداد 9 لاکھ 89 ہزار 793 جبکہ غیر ملکی سیاحوں کی تعداد تقریباً 20 ہزار رہی۔

2024 میں گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں آنے والے سیاحوں کے اعداد و شمار کے مطابق اسکردو نے سب سے زیادہ سیاحوں کی میزبانی کی، جہاں 3 لاکھ 2 ہزار 384 سیاحوں نے اپنا تفریحی وقت گزارا۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان کی وہ خوبیاں جو سیاحوں کو بار بار اپنی طرف کھینچتی ہیں

اسی طرح دوسرے نمبر پر 2 لاکھ 33 ہزار 70 سیاحوں نے ہنزہ کا رخ کیا۔، جہاں کی خوبصورتی، تاریخی مقامات، قلعے، جھیلیں اور مقامی ثقافت سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

سیاحتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں ایڈونچر ٹورزم میں بھی اضافہ ہوا، سال 2023 میں 411 جبکہ 2024 میں 420 ایڈونچر ٹورزم پرمٹ جاری کیے گئے، جو کہ سیاحت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا مظہر ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات میں ہوٹل انڈسٹری کو کن مشکلات کا سامنا ہے؟

گلگت بلتستان کی قدرتی خوبصورتی، تاریخی ورثہ، ثقافتی رنگ اور پہاڑی سلسلے دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں، بڑھتی ہوئی سیاحت نے مقامی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں اور سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ علاقائی معیشت کو بہتر بنایا جاسکے۔

گلگت بلتستان میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ علاقہ نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بھی ایک پرکشش مقام بن چکا ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کا خطرہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

سیاحوں کے لیے تو گلگت بلتستان سیروتفریح کے لیے بہتر مقام ہے مگر یہاں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سیاحوں کو بنیادی سہولیات بھی نہیں ملتی جن پر متعلقہ محکمہ اور حکومت کو سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سیاحوں کو درپیش مشکلات میں کمی ممکن ہوسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp