رمضان شوگر ملز ریفرنس: عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کردیا

جمعرات 6 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کردیا ہے۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کیا۔

واضح رہے کہ لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے 3 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پرسماعت کی تھی اور دونوں کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان شوگر ملز کرپشن کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت پر فیصلہ محفوظ

عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کیس کو توجہ سے سنا، مدعی اس کیس سے دستبردار ہوچکا ہے، اس کیس میں ملزمان کو سزا کا امکان نہیں، اس کیس کو مزید چلانے کا کوئی فائدہ نہیں لہٰذا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔

گزشتہ سماعت کے دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ رکن پنجاب اسمبلی مولانا رحمت اللہ کی درخواست پر گندے نالے کے لیے ڈائریکیٹو جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروجیکٹ کو پنجاب اسمبلی نے منظور کیا، ڈائریکٹو کے اجرا میں حمزہ شہباز کا کوئی کردار نہیں، مفروضوں پر بات نہیں ہوسکتی، انجنیر نے یہ نتیجہ نکالا تھا کہ گندہ نالہ رمضان شوگر ملز کو فائدہ دینے کے لیے لگایا گیا ہے، یہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے اس میں گواہوں کو طلب کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان شوگرمل کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف ریفرنس منتقلی کا فیصلہ محفوظ

پراسکیوشن کے وکیل محمد وسیم نے دلائل پیش کیے کہ ہمارے پاس کوئی ایسا گواہ نہیں ہے جسے پیش کرنا ہے، تمام گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں، تمام شواہد فائل کے ساتھ لگائے ہوئے ہیں، اس کیس میں 7 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے حساب سے نالے کا روٹ تو صحیح بنا ہوا ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp