پی ٹی آئی نے حکومت سے وفاقی، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ مانگ لی

جمعرات 27 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سے وفاقی، سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ مانگ لی جس کا حکومتی کمیٹی کی جانب سے جواب جمعہ کو دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی نے وفاق میں نگراں حکومت کے قیام کے لیے قومی اسمبلی دیے جانے والے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے واپس کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

جمعرات کو حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ملک بھر میں بیک وقت انتخابات کے لیے مذاکرات کا پہلا دور پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور بیرسٹر علی ظفر نے شرکت کی جبکہ حکومتی کمیٹی میں یوسف رضا گیلانی، سید نوید قمر، اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، کشور زہرہ اور ابوبکر آغا شریک تھے۔

مذاکرات کا پہلا دور تقریبا 2 گھنٹے تک کمیٹی روم میں جاری رہا جس میں تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ملک بھر میں بیک وقت انتخابات سے متعلق مذاکرات ہوئے۔

مذاکراتی کمیٹی میں شامل ایک رکن نے وی نیوز کو بتایا کہ تحریک انصاف نے ملک بھر میں بیک وقت انتخابات کروانے کا حکومتی مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے اپنے مطالبات سامنے رکھے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق ’حکومت سے قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ ملک بھر میں قبل از وقت انتخابات کی تاریخ کا تعین کیا جاسکے‘۔

اس کے ساتھ تحریک انصاف نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت مئی کے وسط تک قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا کی تاریخ دے۔

ذرائع نے وی نیوز کو بتایا کہ ’صوبوں میں 90 روز میں انتخابات کی تاریخ گزر جانے کے بعد اور ملک بھر میں بیک وقت انتخابات کروانے کے لیے آئینی ترمیم کی ضرورت ہے جس کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی تحریک انصاف کے استعفے واپس کریں اور پی ٹی آئی کو اپوزیشن لیڈر کا عہدہ دیا جائے تاکہ نگراں حکومت کے قیام میں بھی تحریک انصاف کا کردار ادا کرسکے‘۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے تمام اتحادیوں سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp