شمالی آئرلینڈ میں ایک کتے کو کسی اور خاندان کے حوالے کردیا گیا لیکن پھر بھی وہ اپنے پرانے مالک کی محبت فراموش نہیں کرسکا اور فرار ہوکر دوبارہ اس کے پاس پہنچ گیا۔
امریکی خبر رساں اینجسی یونائٹیڈ پریس انٹرنیشنل کے مطابق نئے مالک کے پاس سے فرار ہونے والا کوپر نامی گولڈن ریٹریور کتا 40 میل کا سفر پیدل چل کر اپنے پرانے مالک کے گھر پہنچا۔
قبل ازیں کتے کو اس کے سابق مالک نے کسی اور خاندان کے حوالے کردیا تھا تاہم جب اس کے نئے مالکان اسے لے کر ڈنگانن کے علاقے میں اپنے گھر پہنچے تو وہ کار سے کود کر وہاں سے فرار ہوگیا۔
کتے کے نئے مالک نیگل فلیمنگ نے کتے کی گمشدگی کی متعلقہ حکام کو خبر کردی تھی۔ کوپر کو کافی ڈھونڈا گیا لیکن وہ چھپتا چھپاتا بالآخر 26 دن میں 40 میل کا سفر کرکے ٹوبر مور کے علاقے میں واقع اپنے سابق مالک کے گھر پہنچا جس پر سب حیران رہ گئے۔ تاہم اسے دوبارہ نئے مالکان کے حوالے کردیا گیا۔
کوپر کے مالک نیگل کا کہنا ہے کہ طویل سفر کےباعث ان کے کتے کا وزن کم ہوا ہے تاہم اب وہ گھر پر ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔