پاکستان آرمی کے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی پر زندہ دلان لاہور نے لاہور شہر میں فتح ریلی نکالی ہے، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے ریلی کی قیادت کی۔
فتح ریلی مال روڈ سے شروع ہوئی اور استنبول چوک سے ہوتے ہوئے پنجاب اسمبلی تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ بندی میں کس ملک نے کیا کردار ادا کیا؟
ریلی میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان، سول سوسائٹی اور زندہ دلان لاہور نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ریلی میں شرکا پاکستانی پرچم تھام رکھے تھے۔
ریلی کے شرکا نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے پرجوش نعرے لگائے گئے، ریلی میں سٹی صدر چوہدری معاذ اشتیاق، عمر عبد العزیز، حافظ راشد اور حافظ نوید اور دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
’عادی مجرم مودی کا جنگی جنون دریائے راوی میں بہا دیا گیا‘
مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کامیابی اور دشمن کیخلاف فتح کا دن ہے، پاکستان کی جوابی کارروائی کو دنیا بھر نے تسلیم کیا ہے، پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر اور مان ہے۔
ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے کہا کہ زندہ دلان سمیت پوری قوم کو فتح مبارک ہو، آج کا دن یومِ فتح کے طور پر منایا جائے، پاکستانی قوم کو اس کامیابی پر سجدہ شکر ادا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی بھی رافیل طیاروں کی تباہی کا مذاق اڑانے لگ گئے، گانا ریلیز کردیا
انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے، عادی مجرم مودی کا جنگی جنون دریائے راوی میں بہا دیا گیا ہے۔
افواج پاکستان وطن کے دفاع اور دشمن کو بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر پاکستانی اس عظیم فتح پر فخر محسوس کرتا ہے
ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے اس شاندار فتح پر عوام کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔