ماہرہ خان کی پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار امریکی خاتون اونیجا سے ملاقات، ویڈیو وائرل

بدھ 21 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اداکارہ ماہرہ خان جو ان دنوں ہمایوں سعید کے ساتھ اپنی نئی آنے والی فلم ’لو گُرو‘ کی بین الاقوامی پروموشن میں مصروف ہیں، انہوں نے پاکستانی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچنے والی 33 سالہ امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن سے ملاقات کی دلچسپ ویڈیو شیئر کر دی۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کے لیے تیار فلم ’لو گرو‘ کی تشہیر کے سلسلے میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید اس وقت امریکا میں موجود ہیں۔ اس موقع پر اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر چند اسٹوریز شیئر کیں جس میں وہ اپنے فینز کے ساتھ ملاقات کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے ایک اسٹوری شیئر کی جس میں ان کی ملاقات امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن سے بھی ہوئی جو اداکارہ کو دیکھ کر انتہائی خوش نظر آئیں۔ ماہرہ خان نے ویڈیو ریکارڈ کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیں آج میرے ساتھ کون ہے؟ جس کے بعد اونیجا نے کیمرے کے سامنے آکر اپنا وائرل ڈائیلاک ’ہیلو شبانہ’ بھی دہرایا۔

واضح رہے کہ اونیجا اینڈریو رابنسن 11 اکتوبر 2024 کو کراچی کے 19 سالہ ندال احمد میمن کی محبت میں پاکستان پہنچی تھیں، دونوں کے درمیان آن لائن رابطہ تھا، تاہم بعد ازاں لڑکے اور اس کے اہل خانہ نے خاتون سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔ انہیں فروری 2025 میں ڈیپورٹ کردیا گیا تھا۔

پاکستان سے واپس بھیجے جانے سے قبل انہیں کراچی کے جناح ہسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں کچھ دن تک زیر علاج بھی رکھا گیا تھا، جہاں خاتون پولیس افسر شبانہ جلبانی ان کی دیکھ بھال پر تعینات تھیں۔

اونیجا اینڈریو رابنسن نے واپس امریکا پہنچنے کے بعد سندھ پولیس کی خاتون افسر شبانہ جیلانی کے لیے محبت کا اظہار کیا تھا اور ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ بہت اچھی تھیں انہوں نے پاکستان میں میری دیکھ بھال کی۔ انہوں نے محبت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ شبانہ سے پیار کرتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp