ایران کے خلاف مشترکہ کارروائی میں کتنے امریکی فوجی حصہ لے رہے ہیں؟

بدھ 4 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی مرکزی کمان یونائیٹڈ اسٹیٹس سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل براڈ کوپر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری امریکی اسرائیلی جنگ میں 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی حصہ لے رہے ہیں۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن میں 200 جنگی طیارے اور 2 طیارہ بردار بحری جہاز بھی شامل ہیں۔

 سب سے بڑا امریکی فوجی اجتماع

جنرل کوپر کے مطابق یہ آپریشن، جو اب اپنے چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے، مشرقِ وسطیٰ میں ایک نسل کے دوران امریکی فوج کا سب سے بڑا اجتماع ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے آغاز سے اب تک ایران بھر میں تقریباً 2 ہزار اہداف کو 2 ہزار سے زائد اسلحہ استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی بحریہ کو شدید نقصان پہنچانے کا دعویٰ

سینٹ کام کمانڈر نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج ایرانی بحریہ کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔

ان کے بقول ’اب تک ہم ایرانی بحریہ کے 17 جہاز تباہ کر چکے ہیں اور عملی طور پر پوری بحریہ کو غیر مؤثر بنا رہے ہیں۔‘

ایران کی جوابی کارروائیاں

جنرل کوپر کے مطابق ایران نے بڑے پیمانے پر جوابی حملے کیے ہیں، جن میں 500 سے زائد بیلسٹک میزائل اور 2 ہزار سے زیادہ ڈرون فائر کیے گئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلسل کارروائی کے نتیجے میں ایران کی امریکی افواج اور اتحادیوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بتدریج کم ہو رہی ہے۔

ہلاکتیں اور بڑھتی کشیدگی

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران کویت میں ایک ٹیکٹیکل آپریشن سینٹر پر ایرانی حملے میں 6 امریکی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

ادھر خطے میں کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی جب امریکا اور اسرائیل نے ہفتے کے روز ایران پر بڑے پیمانے پر حملے شروع کیے۔ رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں تقریباً 800 افراد شہید ہوئے، جن میں ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور اعلیٰ فوجی حکام بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔

ایران نے اس کے جواب میں اسرائیل اور خلیجی ممالک، جہاں امریکی فوجی اثاثے موجود ہیں، پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔

خطہ ایک بڑے تصادم کی جانب؟

تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال مشرقِ وسطیٰ کو ایک وسیع اور طویل جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے۔

اگرچہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی عسکری صلاحیت کم ہو رہی ہے، تاہم ایرانی جوابی کارروائیوں کا تسلسل ظاہر کرتا ہے کہ تنازع ابھی ختم ہونے سے کوسوں دور ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp