ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

ہفتہ 7 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے اور اس موقع پر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔

چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد ہوا۔ عید کے اجتماعات میں ملک و قوم اور امت مسلمہ بالخصوص فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: عیدالاضحیٰ سے قبل قیدیوں کے لیے خوشخبری، پنجاب بھر میں 90 روزہ سزا معافی کا اعلان

عید الاضحیٰ کی نماز کے بعد ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جا رہی ہے جس کے بعد قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جارہا ہے۔

عید کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملک کے کئی شہروں میں ون ویلینگ پر پابندی عائد کی گئی ہے اور پولیس کے دستے سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

دوسری طرف متعلقہ حکام کی طرف سے صفائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔

عیدالاضحیٰ کے موقعے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل  عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں قربانی،محبت،بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بطورقوم ایک دوسرے کا سہارا بن کرپاکستان کو ایک عظیم اورخوشحال ملک بنانا ہے۔

وزیراعظم کا شہبازشریف پیغام

وزیراعظم شہبازشریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے اور ملک کو قربانی اوراتحاد کے جذبے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حملے پر قوم کا اتحاد دشمن کے لیے واضح پیغام تھا۔

یہ بھی پڑھیے: عیدالاضحیٰ پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

انہوں نے قوم سے کہا کہ وہ عید کی خوشیوں میں فلسطینی بھائیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہ بھولیں۔

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیرو دیگر سروسز چیفس کا پیغام

فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،ایئر چیف،نیول چیف نے بھی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبار کباد دی ہے۔

آئی ایس پی آر کی  جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل استقامت کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں اور تمام بہادر افراد، افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جری شہریوں کی قربانیوں کوقدر کی نگاہ سےدیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ قربانی، اتحاد اور غور و فکرکا مقدس موقع ہے، اللہ کرے یہ بابرکت موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دے اور اس ملی یکجہتی کو مضبوط کرے۔

بلاول بھٹو کا عیدالاضحیٰ پر پیغام

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس دن ہمیں قربانی، ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے اور یہ وہی اقدار ہیں جو نہ صرف ہم انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں بلکہ ایک منصفانہ اور پُرامن معاشرے کی بنیاد بھی رکھتی ہیں۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ دراصل ایثار کے جذبے کے احیا کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ذاتی مفادات کو اجتماعی بھلائی کے لیے چھوڑنے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور مظلوموں کے ساتھ ہمدردی اور حوصلے کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے۔

بلاول بھٹو نے عوام سے اپیل کی کہ اس پرمسرت موقع پر غریب اور نادار طبقے کو ہرگز نہ بھولیں اور اپنی خوشیوں میں ان کو بھی شامل کریں، خصوصاً اُن علاقوں میں جہاں لوگ غربت، موسمیاتی تباہ کاریوں یا تنازعات کا سامنا کر رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا پیغام

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے عید الاضحیٰ کے موقعے پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں غریبوں، شہدا اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عید قربان ایثار، قربانی اور یکجہتی کا درس دیتی ہے اور اس موقعے پر معاشرے کے پسماندہ طبقے کا خاص خیال رکھنا ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے افواجِ پاکستان کے ان جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے دہشتگردی کے خلاف جواں مردی سے مقابلہ کیا اور ملک کو امن و استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور سیاسی استحکام کے بغیر معاشی بہتری ممکن نہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد میں یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp