گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے مایہ ناز ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، انہوں نے ازبکستان میں جاری ورلڈ اسٹرونگ مین چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دوسری بار ورلڈ اسٹرونگ مین کا اعزاز حاصل کر لیا۔
نوح بٹ نے چیمپیئن شپ میں 2 گولڈ میڈلز جیت کر نہ صرف اپنا ٹائٹل کامیابی سے برقرار رکھا بلکہ عالمی سطح پر اپنی برتری کو ایک بار پھر تسلیم کروا لیا۔ ابتدائی مقابلوں میں ہی تمام پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے نوح نے اپنی مکمل برتری ثابت کی اور پُراعتماد انداز میں ایونٹ میں شریک رہے۔
واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے گزشتہ برس بھی یہی ٹائٹل جیتا تھا، اور اس سال کامیابی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ان کی اس کامیابی پر نہ صرف کھیلوں کے حلقے بلکہ عوامی سطح پر بھی بھرپور خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
نوح کی یہ کامیابی پاکستان میں ویٹ لفٹنگ اور طاقت کے کھیلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو نوجوانوں کے لیے تحریک کا باعث بنے گی۔